Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عابد علی ورلڈ کپ سے قبل سچن تندولکر سے ملنے کے خواہاں

آئندہ ماہ انگلینڈ میں شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین عابد علی نے میگا ایونٹ کی تیاری کے لیے سابق مایہ ناز انڈین بیٹسمین سچن تندولکر سے ملنے اور بیٹنگ ٹپس لینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ 
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عابد علی نے کہا ہے کہ ’یہ میری خواہش اور امید ہے کہ میں سچن تندولکر سے ملوں۔ وہ یقیناً مجھے گلے لگائیں گے اور بہتر بلے بازی کے لیے تجاویز دیں گے۔‘
انڈیا کے مایہ ناز بیٹسمین سچن تندولکر کی طرح پست قامت عابد علی کی عمر 31 برس ہے اور اُن کا بیٹنگ کا انداز بھی سچن تندولکر سے ملتا جلتا ہے۔ 
انہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی پر گذشتہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا جہاں انھوں نے اپنے پہلے ہی میچ میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے سنچری بنا ڈالی تھی۔
اب پاکستان کو ورلڈ کپ میں ان سے اچھی کارکردگی کی اُمید ہے لیکن وہ میگا ایونٹ سے قبل اپنے ہیرو سچن سے ملاقات کے خواہش مند ہیں۔
عابد علی کے بقول ’سچن تندولکر دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں سے ایک ہیں۔ جس دن میں اُن سے ملوں گا، وہ میری زندگی کا یادگار دن ہوگا۔ مجھے اُمید ہے کہ جب میں ان سے بیٹنگ کے بارے میں سوال کروں گا تو وہ مجھے مثبت جواب دیں گے۔‘
عابد علی نے یہ بھی کہا کہ 'میں نے ہمیشہ سچن کی طرح بیٹنگ کرنے کی کوشش کی ہے۔ انضمام الحق اور محمد یوسف کی طرح وہ ایک عظیم کھلاڑی تھے۔ اُن کا بیٹنگ ریکارڈ شاندار ہے۔
عابد علی کے بقول اگر انہیں ورلڈ کپ کے مییچز میں پاکستانی ٹیم میں جگہ ملی تو وہ بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع پلوامہ میں فروری میں فوجی دستوں پر حملوں میں کم از کم 44 انڈین فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ انڈیا نے ان حملوں کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا اور دونوں ملک جنگ کے دہانے پر آگئے تھے۔
ایسے میں چند انڈین سابق کرکٹرز نے ورلڈ کپ میں پاکستان کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم آئی سی سی کے مطابق پاکستان اور انڈیا کا میچ شیڈول کے مطابق 16 جون کو ہوگا۔

شیئر: