Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق انڈین کرکٹر گوتم گھمبیر کا ’ہم شکل‘ انتخابی میدان میں

انڈیا کی سیاسی جماعت عام آدمی پارٹی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے مشرقی دہلی سے امیدوار اور سابق کرکٹر گوتم گمبھیر پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے لیے اپنے ہم شکل کو استعمال کیا ہے۔
دہلی کے ڈپٹی وزیراعلٰی منیش سیسودیا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں گوتم گھمبیر پر الزام عائد کیا کہ چونکہ گوتم گھمبیر کو دھوپ سے مسئلہ ہے اس لیے وہ اپنی انتخابی مہم کے دوران اپنے ہم شکل کو استعمال کررہے ہیں۔
منیش سیسودیا کے اس بیان نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور عام آدمی پارٹی کے درمیان اس کشیدگی میں اضافہ کردیا ہے جو عام آدمی پارٹی کی امیدوار آتیشی کے خلاف متنازعہ پمفلٹ کی تقسیم کی وجہ سے شروع ہوئی تھی۔
عام آدمی پارٹی کے رہنما نے اپنی ٹویٹس میں مبینہ ہم شکل شخص کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں جن کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک کانگریس رہنما ہیں۔
منیش سیسودیا نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ’فلموں میں کرتب بازی کے لیے ڈبل کرداروں کا سنا ہوگا لیکن انتخابی مہم کے دوران ہم شکل پہلی بار ہی دیکھا ہے۔‘
’یہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس کے درمیان مہا ملاوٹ کو ظاہر کرتا ہے۔ گوتم گمبھیر ایئر کنڈیشنڈ گاڑی میں بیٹھے ہیں، ان کا مسئلہ تیز دھوپ ہے۔ ان کی جگہ ان کا ہم شکل ٹوپی پہنے کھڑا ہے۔ کارکن گوتم کے ہم شکل کو ہار پہنا رہے ہیں اور یہ ہم شکل اصل میں کانگریسی رہنما ہے۔‘

واضح رہے کہ انڈیا میں لوک سبھا انتخابات 12 مئی کو ہوں گے، بھارتیہ جنتا پارٹی نے سابق کرکٹر گوتم گمبھیر جنہوں نے حال ہی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی ، کو عام آدمی پارٹی کی امیدوار آتشی کے مدمقابل کھڑا کیا ہے۔
عام آدمی پارٹی نے حال ہی میں بی جے پی امیدوار کی نامزدگی پر تکنیکی اعتراضات اٹھائے تھے تاہم،الیکشن کمیشن نے ان اعتراضات کو مسترد کردیاتھا۔
جمعرات کو عام آدمی پارٹی کی امیدوار آتیشی نے ایک پریس کانفرنس بلائی تھی جس میں انہوں نے گوتم گھمبیر پر ان کے خلاف متنازعہ پمفلٹ تقسیم کرنے کا الزام عائد کیاتھا۔ ان کا کہنا تھا ’اگر گمبھیر مجھ جیسی مضبوط عورت کو شکست دینے کے لیے اس حد تک گَر سکتے ہیں،تو وہ خواتین کے تحفظ کی ضمانت کیسے دے سکتے ہیں؟‘
گمبھیر نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے وزیرخزانہ ارون جیٹلی کی صاحبزادی سونالی جیٹلی کے ذریعے عام آدمی پارٹی کے چیف اروند کیجریوال، منیش سیسودیا اور آتیشی کو ہتک عزت کا نوٹس بھجوایا ہے۔
عام آدمی پارٹی کی امیدوار نے اپنے مخالف بی جے پی امیدوار کے خلاف دہلی کمیشن برائے خواتین میں درخواست جمع کرائی ہے۔
منیش سیسودیا نے گوتم گھمیر کو تنبیہہ کی ہے کہ وہ ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کریں گے۔
دہلی کے وزیرتعلیم نے انڈیا کے ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کو بتایا ’وہ کیسے ہتک عزت کا کیس دائر سکتے ہیں جبکہ ہماری شہرت کو نقصان پہنچ رہا ہے،ہم ان کے خلاف ہتک عزت کا کیس دائر کریں گے۔ ہم انہیں آج ہی نوٹس بھجوائیں گے، ان کی پارٹی نے پمفلٹ کے حوالے سے ان سے جواب دہی نہیں کی۔‘

شیئر: