Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں بہنوں کو پہاڑ سر کرنے کی  شرط مہنگی پڑ گئی

راستہ اس قدر پُرخطر تھا کہ اوپر جاسکتی تھیں نہ ہی نیچے اتر سکتی تھیں۔
سعودی عرب کی جازان کمشنری میں دو بہنوں کو پہاڑ سر کرنے کی  شرط مہنگی پڑ گئی۔ پہاڑ کی چوٹی پر پہنچنے سے قبل ہی ہمت ہار بیٹھیں۔ راستہ اس قدر پُرخطر تھا کہ اوپر جا سکتی تھیں نہ ہی نیچے اتر سکتی تھیں۔ اہل خانہ کو شہری دفاع کی مدد حاصل کرنا پڑگئی۔
جازان کمشنری کے ابو عریش گورنریٹ کے نواحی علاقے میں تفریح کے لیے جانے والے خاندان میں شامل دو بہنوں کی آپس میں شرط لگی کہ جو پہلے پہاڑ کو سرکرے گا اسے نقد انعام ملے گا۔
شرط لگاتے ہی دونوں بہنیں سوچے سمجھے بغیر پہاڑ کی جانب دوڑ پڑیں اور چوٹی سر کرنا شروع کر دی۔
 پہاڑ کی بلندی کا انہیں کوئی اندازہ نہیں تھا بلکہ ان کا خیال تھا کہ چند منٹوں میں ہی وہ چوٹی پر پہنچ جائیں گی مگرجوں جوں بلندی کی جانب بڑھتی گئیں ان کے حوصلے جواب دینے لگے اور بالآخر وہ بے بس ہو گئیں۔  

لڑکیوں کو بحفاظت پہاڑ سے نیچے لانے والے 2 اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔
لڑکیوں کو بحفاظت پہاڑ سے نیچے لانے والے 2 اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔

 ویب سائٹ ’سبق‘ کے مطابق دونوں بہنوں نے بتایا کہ جب وہ بے بس ہو کر گر گئیں تو کافی دیر تک اسی حالت میں رہیں۔ راستہ اس قدر خطرناک تھا کہ نیچے اترنے کی ہمت تھی اور نہ ہی اوپر جانے کا حوصلہ۔ یہ اچھا ہوا کہ موبائل فون ساتھ تھا جس کے ذریعے وادی میں موجود اپنے گھر والوں سے رابطہ کیا جنہوں نے فوری طور پر شہری دفاع کی مدد حاصل کی۔
دونوں لڑکیوں میں سے ایک نے بتایا کہ جب پہاڑ کے نیچے کھڑے تھے تو معلوم ہوتا تھا کہ یہ تو اتنا اونچا نہیں ہو گا نہ ہی راستے کے پر خطر ہونے  کا کوئی اندازہ تھا۔ جوں جوں بلندی پر جاتے تھے سانس پھول جاتا تھا جس کی وجہ سے ایک قدم اٹھانا بھی دشوار ہوگیا تھا۔
یہی نہیں بلکہ لڑکیوں کو بحفاظت نیچے لانے والے شہری دفاع کے یونٹ کے دو اہلکار بھی اس دوران زخمی ہوگئے۔ ایک اہلکار کا کندھا اترگیا جبکہ دوسرا ڈھلوان راستے پر توازن برقرار نہ رکھ سکا اور گرنے سے زخمی ہوگیا۔
اس واقعے کے بعد دونوں بہنوں نے آئندہ اس قسم کی کوئی شرط لگانے سے توبہ کرلی۔ لڑکیوں کا کہنا تھا کہ آئندہ ایسی شرط نہیں لگائیں گی جس کے بارے میں علم ہی نہ ہوکہ ہم اسے پورا کر بھی سکتے  ہیں یا نہیں۔

شیئر: