Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن: ٹورنامنٹ میں دو سعودی خواتین ریفری مقرر

ربیٰ اللحیدان سعودی بیڈ منٹن لیگ میں سند یافتہ ریفری ہیں، اس سے پہلے وہ بیڈمنٹن کی کھلاڑی رہیں
اردن کے دار الحکومت عمان میں منعقد ہونے والے بیڈ منٹن ٹورنامنٹ برائے عرب و مغربی ایشیائی ممالک میں پہلی مرتبہ دو سعودی خواتین ہتون السدحان اور ربیٰ اللحیدان ریفری ہوں گی۔
العربیہ سے گفتگو کرتے ربیٰ اللحیدان نے ریفری منتخب کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سعودی بیڈ منٹن لیگ میں سند یافتہ ریفری ہیں۔ اس سے پہلے وہ بیڈمنٹن کی کھلاڑی رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک کورین خاتون کوچ سے کھیل سیکھا اور اس میں مہارت حاصل کی۔بعد ازاں سعودی لیگ سے وابستگی اختیار کی جس نے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
ربیٰ اللحیدان نے کہا کہ سعودی بیڈ منٹن لیگ کھیل کو فروغ دینے کے لئے سازگار ماحول مہیا کرنے کے علاوہ لڑکیوں اور خواتین کو اس میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

ربیٰ اللحیدان سعودی بیڈ منٹن لیگ میں سند یافتہ ریفری ہیں۔

لیگ کے تحت مقامی طور پر کئی ٹورنامنٹ منعقد ہوتے ہیں جہاں سعودی خواتین اور لڑکیوں کے علاوہ غیر ملکی بھی حصہ لیتی ہیں۔ سعودی بیڈ منٹن لیگ کی کوشش ہے کہ اس کھیل کو ملکی سطح پر فروغ دیا جائے ۔
اپنے بارے میں انہوں نے بتایا کہ وہ بچپن سے ہی مختلف کھیلوں سے وابستہ رہی ہیں۔ وہ باسکٹ بال، والی بال، فٹبال اور اسکواچ بھی کھیل چکی ہیں۔
اسی طرح دوسری خاتون ریفری ہتون السدحان نے العربیہ کو بتایا کہ بیڈمنٹن خوبصورت اور صاف ستھرا کھیل ہے۔ اس کھیل کی خاص بات یہ ہے کہ حریف کی حرکات وسکنات پر توجہ مرکوز کرنی پڑتی ہے۔ یہ کھیل ذہنی ورزش بھی ہے جو صبر سکھاتا ہے۔
ہتون نے کہا کہ وہ شروع میں مختلف کھیلوں میں قسمت آزمائی کرچکی ہیں مگر آخر کار بیڈمنٹن سے وابستہ ہوگئیں کیونکہ اس کھیل سے محبت ہوگئی ۔
اردن میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں انہیں ریفری منتخب کرنے پر انہو ں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لئے اور شریک دیگر سعودی خواتین کے لئے چیلنج ہے ۔ 
انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے سعودی عرب کی سطح پر منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں ریفری رہ چکی ہیں مگر بیرون ملک ان کا پہلا تجربہ ہے ۔
 

شیئر: