سعودی عرب نے ایران کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا، 2 گھنٹے میں 48 ڈرون مار گرائے
وزارت دفاع نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پیر کی علی الصبح ایران کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا ہے اور صرف 2 گھنٹوں میں الشرقیہ ریجن میں 48 ڈرون مار گرائے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق یہ حملے سعودی عرب میں ایران کے سفیر علی رضا عنایتی کے اس بیان کے چند گھنٹوں بعد ہوئے جس میں انہوں نے تہران پر الزام سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی۔ انہوں نے ایران کی فوجی کمان کے نام سے منسوب ایک نوٹس شیئر کیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ’دشمن‘ ایرانی ساختہ ’شاہد‘ ڈرونز کی آڑ میں اپنے ڈرون استعمال کر رہا ہے جنہیں ’لوکاس ڈرون‘ کے نام سے پیش کیا جا رہا ہے۔
حملوں کی اس تازہ لہر کے بعد مملکت میں اب تک تباہ کیے جانے والے دشمن کے ڈرونز کی کل تعداد 230 سے زیادہ ہو گئی ہے۔
فضائی دفاعی دستوں نے اب تک مجموعی طور پر 30 سے زیادہ میزائل بھی مار گرائے ہیں جن میں زیادہ تر بیلسٹک اور کچھ کروز میزائل شامل ہیں۔
پڑوسی خلیجی ممالک نے اس سے زیادہ حملوں کی اطلاع دی ہے۔ بحرین نے بتایا کہ اس نے 125 میزائل اور 203 ڈرون مار گرائے ہیں۔
ان حملوں میں بحرین میں دو افراد ہلاک ہوئے جبکہ پورے خطے میں 24 افراد جان سے گئے۔
متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ اس نے 294 بیلسٹک میزائل، 15 کروز میزائل اور 1600 ڈرون مار گرائے۔ ان حملوں میں چھ افراد جان سے گئے۔
ایران کے حملے عموماً رات کو ہوتے ہیں اور دن کے وقت کچھ دیر کے لیے وقفہ ہوتا ہے۔