Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محکمہ انسداد منشیات کی عمارت پر فائرنگ

 گرفتار شخص کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ عادی مجرم اور سزا یافتہ ہے
مشرقی ریجن میں پولیس نے محکمہ انسداد منشیات کی عمارت پر فائرنگ کرنے والے کو گرفتار کر لیا۔ 
ریجنل پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ایک نامعلوم شخص نے سعودی عرب کے مشرقی علاقے  الخفجی کمشنری میں محکمہ انسداد منشیات کی عمارت پر آٓٹومیٹک رائفل سے فائرنگ کی اور فرار ہو گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ فائرنگ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔ گولیاں عمارت کی دیواروں پر لگیں۔
اس ضمن میں اخبار 24 کی اطلاع کے مطابق فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی علاقے کے تھانے سے نفری وہاں پہنچ گئی تاہم ملزم فرار ہو چکا تھا ۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لئے علاقے کو سیل کر کے اس کی تلاش شروع کر دی۔

 

ریجنل پولیس ترجمان نے عرب میڈیا کو بتایا کہ ملزم کے بارے میں قریبی علاقوں کے تھانوں اور گشت پر مامور پولیس اہلکاروں کو بھی مطلع کر دیا گیا تھا تاکہ نامعلو م ملزم کو جلد از جلد گرفتار کیا جاسکے۔
ملزم جو  کہ فائر نگ کرنے کے بعد وہاں سے فرار ہو گیا تھا کو چند ساعتوں کے اندر  خفیہ پولیس کے اہلکاروں نے حفر الباطن کمشنری سے بازیاب کر کے گرفتار کر لیا۔
گرفتار شخص کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ عادی مجرم  اور سزا یافتہ ہے۔ گرفتاری کے  وقت اس کے قبضے سے چرس اور نشہ آور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔
پولیس نے ملزم سے فائرنگ میں استعمال ہونے والی آٹومیٹک رائفل اور وہ گاڑی بھی برآمد کر لی جس میں بیٹھ کر اس نے واردات کی تھی اور فرار ہو گیا تھا۔ 
ملزم کے خلاف سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور کھلے عام اسلحہ استعمال کرنے کا کیس درج کرکے اسے محکمہ تحقیقات کے حوالے کر دیا گیا جہاں اس پر باقاعدہ مقدمہ چلایا جائے گا۔
 

شیئر: