Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی آرامکو کے دو پلانٹس پر حملے، پاکستان کی مذمت 

پاکستان نے آرامکو پلانٹس پر حملوں کی مذمت کی ہے۔ (تصویر عرب نیوز)
سعودی عرب کی ابقیق کمشنری میں واقع سعودی آرامکو کے زیر انتظام تیل کے دو پلانٹس پر ڈرون حملے کیے گئے ہیں۔ حملوں سے پلانٹس میں آگ لگ گئی جس پر قابو پا لیا گیا ہے۔
یمنی حوثی باغیوں کے ترجمان نے المسیراء ٹی وی پر اپنے ایک بیان میں ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ حوثیوں کے ترجمان نے بتایا ہے کہ انہوں نے 10 ڈرونز کے ساتھ آئل پلانٹس پر حملے کیے اور یہ بھی کہا ہے کہ سعودی عرب پر مزید حملے کیے جائیں گے۔
دوسری طرف پاکستان نے سعودی عرب میں حوثی باغیوں کے ان ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایسے واقعات سے علاقائی امن کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ امید کرتے ہیں آئندہ ایسے واقعات نہیں ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے امن اور سلامتی کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔
قبل ازیں سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں وزارت داخلہ کے ترجمان نے تصدیق کی تھی کہ ڈرون حملے ہفتے کی صبح چار بجے ہوئے تاہم ترجمان نے بیان میں نقصان کے حوالے سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی تھی۔
بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ متعلقہ ادارے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ 
واضح رہے کہ آرامکو کمپنی کے مشرقی ریجن میں ینبع بندر گاہ تک سپلائی لائن کی پمپنگ کو بھی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس سے پلانٹ میں آگ لگ گئی تھی۔ آتشزدگی سے جزوی طور پر نقصان پہنچا تھا۔ اے ایف پی کے مطابق اس حملے کی ذمہ داری یمن کے حوثی باغیوں نے قبول کی تھی۔
اس سے قبل آرامکو الشیبہ آئل فیلڈ کے ایک پروسیسنگ یونٹ کو دھماکہ خیز مواد سے لدے ڈرون سے نشانہ بنایا گیا تھا۔ جلد ہی محدود آگ پر قابو پا لیا گیا تھا۔ آرامکو نے تصدیق کی تھی کہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا اور نہ ہی آئل آپریشنز میں خلل پڑا تھا۔ 

حالیہ مہینوں میں حوثیوں نے سعودی  علاقوں کو ڈرون اور میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔(فائل فوٹو اے ایف پی)

 یاد رہے  کہ حالیہ مہینوں میں حوثیوں نے سعودی ایئر پورٹس اور شہری علاقوں کو ڈرون اور میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق ابقیق پلانٹس، دہران میں قائم آرامکو ہیڈکوارٹر سے 60 کلو میٹر دوری پر واقع ہیں۔ آرامکو ویب سائٹ کے مطابق یہ کمپنی کا سب سے بڑا آئل پروسیسنگ پلانٹ ہے۔
فروری 2006 میں ابقیق آئل پروسیسنگ یونٹ میں دو خود کش حملہ آوروں نے پلانٹ میں گھسنے کی کوشش کی تھی۔ جس کے نیتجے میں دو سیکیورٹی گارڈ ہلاک ہوئے جبکہ دونوں حملہ آور مارے گئے تھے۔ القاعدہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

شیئر: