Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر توانائی کا متاثرہ آرامکو پلانٹ کا دورہ

ابقیق کمشنری میں آرامکو کے 2 پلانٹس حملے کا نشانہ بنےتھے۔ (فوٹو: واس) 
 سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے آرامکو کمپنی کے دہشت گرد حملے کا نشانہ بننے والے متاثرہ پلانٹ کا دورہ کیا ہے۔
 سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق پلانٹ کے دورے کے دوران وزیر توانائی  کے ہمراہ مشرقی ریجن  کے ڈپٹی گورنر شہزادہ احمد بن فہد بن سلمان اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔
سنیچر کی صبح سعودی عرب کے مشرقی ریجن کی بقیق کمشنری میں سعودی تیل کمپنی آرامکو کے 2 پلانٹس ڈرون حملے کا نشانہ بنے تھے۔
وزیر توانائی نے آرامکو کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین یاسر الرمیان اور کمپنی کے ڈائریکٹر آپریشنز کے علاوہ دیگر اہم عہدیداروں سے ملاقات کر کے پلانٹ  پر حملے کی تفصیلات حاصل کیں۔

 کمپنی کے ذمہ داروں نے  بتایا کہ حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ (فوٹو: واس) 

 کمپنی چیئرمین اور اہم عہدیداروں نے وزیرتوانائی اور ان کے ہمراہ ڈپٹی گورنر مشرقی ریجن شہزادہ احمد بن فہد کو واقعے کے بارے میں آگاہ کیا۔ 
کمپنی کے ذمہ داروں نے بتایا کہ دہشتگردی کی کارروائی میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
حملے میں بجلی کے ٹرانسفارمرز اور پانی کے ذخائر کے علاوہ دیگر اہم پلانٹس محفوظ رہے۔
کمپنی کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی مارکیٹنگ متاثر نہیں ہوئی اور مقامی مارکیٹ میں حسب معمول پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی جاری ہے۔
واضح رہے کہ سنیچر کی صبح سعودی عرب کے مشرقی ریجن کی بقیق کمشنری میں سعودی عرب کی تیل کمپنی آرامکو کے 2 پلانٹس حملے کا نشانہ بنے تھے جس سے بعض مقامات پر آگ لگ گئی تھی تاہم متعلقہ اداروں نے آگ پر قابو پا کر عارضی طور پر معطل ہونے والی ترسیل کو بحال کر دیا  تھا۔ 
 

شیئر: