Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طنطورۃ میلہ سیزن 2 کب شروع ہوگا؟

طنطورۃ میلہ 19 دسمبر کو شروع ہوگا جو فروری 2020 تک جاری رہے گا (فوٹو:ٹوئٹر)
مدینہ میں سجنے میں والے طنطورۃ میلے کا نا صرف سعودی شہریوں بلکہ سعودی عرب میں مقیم غیرملکیوں کو بھی بے چینی سے انتظار ہے اور سبھی اس میلے میں شرکت کے لیے پُرجوش ہیں۔
گذشتہ سال سات ہفتے تک جاری رہنے والے اس میلے نے ایسی دھوم مچائی تھی کہ اب ہر کسی کی زبان پر ایک ہی سوال ہے کہ اب یہ میلہ کب منعقد ہوگا؟
سبق ویب سائٹ کے مطابق مدینہ کے شہر العلا میں طنطورۃ میلہ اس سال 19 دسمبر کو شروع ہوگا جو فروری 2020 تک جاری رہے گا۔

میلے میں شرکت کے خواہشمند سیاحوں کو اس بار بھی سیاحتی ویزے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ فوٹو: ٹوئٹر

 میلے میں مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا جن میں فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
طنطورۃ ونٹر 2020 نے ٹوئٹر پر اپنے اکائونٹ سے سعودی شہریوں، غیر ملکیوں اور دنیا بھر کے سیاحوں کو میلے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ بلند و بالا پہاڑوں، وادیوں اور میدانی علاقوں کے درمیان یہ میلہ منعقد کیا جائے گا جس میں کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔
طنطورۃ اہرام کی شکل کی آفتابی گھڑی ہے جو تاریخی شہر العلا کے مرکز میں ایک عمارت کی چھت پر نصب ہے، العلا کے شہری کھیتی باڑی کا موسم اسی گھڑی سے معلوم کیا کرتے تھے۔

بلند و بالا پہاڑوں، وادیوں اور میدانی علاقوں کے درمیان طنطورۃ میلہ منعقد کیا جائے گا۔ فوٹو:ٹوئٹر

 سال کے تمام موسموں کا پتہ بھی اسی گھڑی کی مدد سے لگایا جاتا تھا، کہتے ہیں کہ سال کا سب سے مختصر دن اور سال کی سب سے طویل رات کا پتہ بھی یہی گھڑی دیا کرتی تھی۔
طنطورۃ مدینہ منورہ کی العلا کمشنری میں واقع ہے۔ یہ مدینہ منورہ سے 300کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ العلا کو تاریخی اہمیت اور ثقافتی پس منظر کی وجہ سے عجائب گھر کی حیثیت حاصل ہے۔ یہ یونیسکو کے تاریخی ورثے کی فہرست میں بھی شامل ہے۔

میلے میں مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا جن میں فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ فوٹو:ٹوئٹر

جزیرہ نمائے عرب  کے شمال میں اسے آثار قدیمہ کا مرکز مانا جاتا ہے۔ یہاں مختلف زمانوں میں کئی تہذیبوں نے جنم لیا۔ طنطورۃ ونٹر میلہ  ہزاروں سال پرانے تاریخی ورثے کا عکس پیش کرتا ہے۔
سعودی عرب طنطورۃ میلے میں شرکت کے خواہشمند سیاحوں کو اس بار بھی سیاحتی ویزے کی سہولت فراہم کرے گا۔ شینگن گروپ میں شامل یورپی ممالک کے شہریوں کو یہ ویزہ باآسانی مل سکے گا۔
اس کے علاوہ جاپان، چین، ملائیشیا، سنگاپور، برونائی، آسٹریلیا، جنوبی کوریا، جنوبی افریقہ اور براعظم امریکہ کے ممالک کے شہریوں کو بھی ویزے جاری کیے جائیں گے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: