واشنگٹن .... امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے نئے انتظامی حکم نامے پر دستخط کردئیے۔ایگزیکٹو آرڈر کے تحت تارکین وطن کے داخلے کے پروگرام کو4 ماہ کیلئے معطل کردیا گیا۔ 7 مسلم ممالک ایران، عراق، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، شام اور یمن کے شہریوں کو 3 ماہ تک ویزے جاری نہیں کئے جائیں گے۔ شامی پناہ گزینوں کے امریکہ میں داخلے پر تا حکم ثانی پابندی لگائی گئی ہے۔ اس سے قبل ٹرمپ نے انتہا پسند مسلمانوں کے داخلے کو روکنے کے لئے جانچ کے نئے اقدامات کا اعلان کیا۔ ٹرمپ نے حکم نامے پر پینٹاگان میں وزیر دفاع، جیمز میٹس کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے موقع پر دستخط کئے۔ ٹرمپ نے کہا کہ صرف انہی افراد کو امریکہ آنے کی اجازت دینے کے خواہاں ہیں جو ہمارے ملک کی حمایت کرتے ہوں۔ ٹرمپ نے ایک دوسرے حکم نامے پر بھی دستخط کئے جس کے تحت امریکی فوج کی تشکیلِ نو ہو گی نئے طیارے، بحری جہاز، وسائل اور نئے آلات بنانے کا منصوبہ تیار کیا جائے گا۔








