Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئندہ سعودی سیاحتی نمائش پیرس میں

العلا نمائش سعودی عرب کے تعاون سے پیرس میں عرب ورلڈ انسٹی ٹیوٹ کے ہیڈکوارٹر میں منعقد کی جائے گی۔ فوٹو عرب نیوز
 سعودی عرب میں سیاحتی ویزوں کے اجرا کے بعد آئندہ ہفتے پیرس میں سعودی عرب کے سیاحتی شہر ’العلا‘ کے حوالے سے ایک نمائش کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں آئندہ ہفتے ’العلا‘ کی خوبصورتی اور اس کے قدرتی حسن کو بہتر انداز میں پیش کرنے کے لیے سیاحتی نمائش کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
یہ نمائش سعودی عرب کے تعاون سے پیرس میں عرب ورلڈ انسٹی ٹیوٹ کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوگی۔
عرب ورلڈ انسٹی ٹیوٹ کے صدر اور فرانس کے سابق وزیر ثقافت جیک لینگ نے اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نمائش کا مقصد العلا کی خوبصورتی اور شہر کی تاریخ کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کرنا ہے۔

نمائش سے سیاحوں کو شہر کی ثقافت اور تاریخ کے بارے میں معلومات حاصل ہوں گی۔ فائل فوٹوعاجل

جیک نے کہا کہ نمائش کے ذریعے سیاحوں کو اس تاریخی شہر کی ثقافت، سیاحت اور معاشی خوشحالی کے بارے میں معلومات حاصل ہوں گی، جس سے سعودی عرب کو بھی فائدہ ہو گا۔
جیک لینگ نے رائل کمیشن برائے العلا گورنریٹ کی طرف سے دنیا میں اس سیاحتی بستی کو متعارف کروانے کی کوششوں کو سراہا اور سعودی عرب کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
عرب ورلڈ انسٹی ٹیوٹ کے صدر نے سعودی عرب اور فرانس کے درمیان ہر سطح پر تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے ’ای ٹورسٹ‘ ویزے کے آغاز کو بہترین اقدام سے تعبیر کیا۔
جیک لینگ کا کہنا تھا ’ہم ان حقیقی تبدیلیوں کے گواہ ہیں کہ سعود ی عرب نے بہت سارے شعبوں میں خواتین کو با اختیار بنایا۔ اپنی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے قومی صلاحیتوں کی حمایت کے ساتھ مملکت اپنی ترقی کے نتائج کو دیکھ رہی ہے۔‘

شیئر: