Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی طلبہ کے لیے بین الاقوامی یونیورسٹیوں میں تعلیمی پروگرام

رجسٹریشن 10 نومبر 2019ء تک کرائی جا سکتی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز فاﺅنڈیشن" مسک" کے تحت ٹریننگ سنٹر نے یونیورسٹی مرحلے کی تیاری کے پروگرام میں حصہ لینے والے طلبہ کے لیے فیلوشپ کی راہیں دوبارہ کھول دی ہیں۔
سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی میں داخلے کی تیاری کا یہ پروگرام طلبہ و طالبات کو سیکنڈری سکول مرحلے میں انتہائی مفید پروگرام کے ذریعے دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں داخلہ کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔

مسک فاﺅنڈیشن کا یہ پروگرام سیکنڈری سکول کے طلبہ و طالبات کے لیے ہے۔ فوٹو۔ٹوئٹر

پروگرام میں شامل ہونے کے لیے فاونڈیشن کی ویب سائٹ www.Misk.org.sa پر 10 نومبر 2019ء تک رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے۔
مسک فاﺅنڈیشن کا یہ پروگرام سیکنڈری سکول کے طلبہ و طالبات کے لیے دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں جن میں امریکہ کی یونیورسٹی آف کولمبیا، سٹنفورڈ، برطانیہ کی آکسفورڈ اور کیمبرج یونیورسٹی میں داخلے کے لیے ایک اچھا موقع ہے۔

پروگرام کے پہلے مرحلے کے کورسز میں یونیورسٹی میں داخلے کی تربیت دی جائے گی۔ فاﺅنڈیشن کا تربیتی سیشن سات ہفتے جاری رہے گا جس میں طلبہ و طالبات کو یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیوں اور تعلیم کے طریقہ کار کے بارے میں تربیت دی جا ئے گی۔
دوسرے مرحلے کے کورسز میں طالب علموں کو تعلیمی مہارت بہتر بنانے اور پسند کی یونیورسٹی میں داخلے کی درخواست دینے کے طریقے کار اور در پیش مسائل سے نمٹنے کے طریقے سکھائے جائیں گے۔
اس مرحلے میں طلبہ کو متعدد تعلیمی کورسز جن میں SAT، IELTS، TOEFL اور دیگر سطح کے امتحانات میں بیٹھنے کی تیاری کرائی جائے گی ۔یونیورسٹی کے داخلہ فارم بھرنے اور جمع کرانے کی تربیتی مشقیں بھی اس مرحلے کا حصہ ہیں۔
تربیتی پروگرام کے آخری مرحلے میں طلبہ و طالبات کو اپنی پسند کی یونیورسٹی اور پسند کے مضامین کے انتخاب میں مدد اور اس کی خصوصیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے گا۔
طلبہ کے لیے اس پروگرام کے بعد کچھ ضروری شرائط بھی ہیں جن میں ثانوی تعلیم کے پہلے مرحلے میں طالب علم کو ریگولر ہونا ضروری ہے، کم از کم 90 فیصد نمبروں کے ساتھ سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ کا حصول اور انگلش بول چال اور لکھنے پر عبور ہونا چاہئے۔
حتمی نتائج کا اعلان جنوری 2020ء میں کیا جائے گا۔

شیئر: