Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایران کو ایٹمی طاقت بننے سے روکا جائے‘

سعودی عرب نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کی ایٹمی تنصیبات کو عالمی نگرانی میں دیا جائے۔ فوٹو ایس پی اے
سعودی عرب نے عالمی برادری سے ایک مرتبہ پھرمطالبہ کیا ہے کہ ایران کو کسی بھی حالت میں ایٹمی طاقت بننے سے روکا جائے اور اس ہدف کو یقینی بنانے کے لیے جامع بین الاقوامی معاہدہ کیا جائے۔
 سعودی خبررساں ادارے واس کے مطابق اقوام متحدہ میں متعین سعودی سفارتی مشن میں بین الاقوامی امن اور تخفیف اسلحہ کمیٹی کے سربراہ منصور المطیری نے جنرل اسمبلی کے 74ویں سیشن کی کارروائی کے دوران سعودی موقف پیش کیا۔منصور المطیری نے کہا ’سعودی عرب کو ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کی رپورٹوں پر تشویش ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران نے ایٹمی ریسرچ سے متعلق جو وعدے کئے تھے انہیں نظر انداز کردیا ہے۔ ایرانی عہدیداروں کے بیانات بھی اس کا ثبوت ہیں‘۔

سعودی عرب کو ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کی رپورٹوں پرتشویش ہے فائل فوٹو

 منصورالمطیری نے واضح کیا کہ امن و استحکام کے لیے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار کسی بھی قسم کی ضمانت مہیا نہیں کرتے۔ امن و استحکام متعلقہ ممالک کے درمیان تعاون، مشاورت اور تعمیر و ترقی کی جدوجہد کی بدولت حاصل ہوتا ہے۔
 انہوںنے مزید کہا’ سعودی عرب ایٹمی اسلحہ کے عدم پھیلاﺅ کے معاہدے میں شمولیت سے مسلسل انکار پر اسرائیل کی مذمت کرتا ہے‘۔ سعودی عرب کا مطالبہ ہے کہ اسرائیل کی تمام ایٹمی تنصیبات کو ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کی مکمل نگرانی میں دیا جائے۔
’ اسرائیل کی ایٹمی تنصیبات نہ صرف یہ کہ عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ اسرائیل عدم پھیلاﺅ کے معاہدے میں شامل نہ ہوکر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کے ساتھ انہیں چیلنج بھی کررہا ہے‘۔
 منصو رالمطیری کا کہنا تھا ’ سعودی عرب کا مطالبہ ہے کہ کیمیائی اور جراثیمی اسلحہ پر پابندی کے معاہدے نافذ کئے جائیں۔ مملکت ان معاہدوں پر دستخط کرنے والے ممالک میں پیش پیش ہے‘۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: