Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تنخواہ نہ ملی، ایئرہوسٹس کو سات لاکھ ریال مل گئے

فضائی کمپنی کے تمام معاملات رقم کی ادائیگی تک معطل کردیے جائیں گے ( فوٹو: عکاظ)
سعودی عرب کے شہر جدہ کی لیبر کورٹ نے ایک ایئر ہوسٹس کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے فضائی کمپنی کو سات لاکھ ریال معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق ایک مراکشی ایئر ہوسٹس نے مقامی فضائی کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں کئی ماہ سے تنخواہ نہیں ملی۔ وہ گذشتہ چار سال سے کمپنی سے وابستہ تھیں مگر اس دوران انہیں سالانہ چھٹیاں نہیں دی گئیں اور انہیں ملازمت ختم کرنے پر حقوق نہیں دیے گئے۔
لیبر کورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرہوسٹس نے اپنے دعوے کے ساتھ ورک ایگریمنٹ اور تمام دلائل جمع کروائے جن کی بنیاد پر کورٹ نے مقدمہ داخل کر دیا اور قانون کے مطابق فریق ثانی کو حاضر ہونے کا نوٹس جاری کر دیا۔

سعودی قانونی مشیر کے مطابق لیبر کورٹ نے سعودی لیبر قوانین کے مطابق فیصلہ کیا ہے۔ فوٹو: عکاظ

ذرائع نے بتایا کہ کورٹ کی طرف سے حاضر ہونے کے متعدد نوٹس جاری کرنے کے باوجود فضائی کمپنی کا نمائندہ نہیں آیا جس پر عدالت نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے کمپنی کے قانونی نمائندے کو بالجبر حاضر کروایا۔
ذرائع نے کہا ہے کہ بالآخر کمپنی کا نمائندہ عدالت میں حاضر ہوا جس کے سامنے ایئر ہوسٹس کا دعویٰ رکھا گیا اور اسے صفائی پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔
نمائندے نے کمپنی کا موقف پیش کرنے کے لیے وقت طلب کیا اور کارروائی اگلی پیشی تک ملتوی کردی گئی مگر کمپنی کا نمائندہ اگلی کئی پیشیوں میں بھی حاضر نہیں ہوا۔
لیبر کورٹ کے ذرائع نے بتایا کہ کمپنی کی طرف سے مسلسل غیر حاضریوں کو عدالت نے نوٹس لیتے ہوئے اسے عدالت کا وقت ضائع کرنے کے مترادف سمجھا۔ 
عدالت نے ایئرہوسٹس سے دعوے کے متعلق حلفیہ بیان لیا جس میں انہوں نے کہا کہ انہیں کئی ماہ سے تنخواہ نہیں ملی، سلانہ چھٹیاں نہیں دی گئیں اور نہ ہی معاوضہ دیا گیا اور وہ کمپنی کے ساتھ ورک ایگریمنٹ ختم کرنا چاہتی ہیں جس پر انہیں حقوق چاہیے۔
عدالت نے حلفیہ بیان، بینک دستاویزات اور معاہدہ ملازمت کی بنیاد پر فیصلہ کیا کہ ایئرہوسٹس کو سات لاکھ ریال مجموعی رقم کا معاوضہ دیا جائے۔
دوسری طرف سعودی قانونی مشیر خاتون مجدولین یمانی نے عدالت کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیبر کورٹ نے سعودی لیبر قوانین کے مطابق فیصلہ کیا ہے۔ عدالت کا فیصلہ واجب العمل ہے۔ فضائی کمپنی کے تمام معاملات رقم کی ادائیگی تک معطل کردیے جائیں گے۔
  • اپ ڈیٹ رہیں، واٹس ایپ گرپ جوائن کریں

شیئر: