سعودی عرب کی سوڈان میں ہسپتال اور امدادی قافلے پر حملے کی مذمت
حملوں کو بلا جواز، بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے سوڈان میں الکویک ملٹری ہستپال اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے امدادی قافلے اور بے گھر خاندانوں کو لے جانے والی بس پر ریپڈ سپورٹ فورسز کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ان حملوں میں خواتین اور بچوں سیمیت درجنوں نہتے شہری مارے گئے، شمالی اور جنوبی کردفان میں انسانی امدادی قافلوں اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔
ایس پی اے کے مطابق وزرت خارجہ نے بیان میں ان حملوں کو بلا جواز، بین الاقوامی انسانی قانون، شہریوں اور امدادی کارکنوں کے تحفظ کے لیے قائم اصولوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
بیان میں سعودی عرب نے ریپڈ سپورٹ فورسز پر زور دیا کہ وہ ان خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکے اور انسانی امداد کی محفوظ فراہمی کی اجازت دی جائے۔
سعودی عرب نے سوڈان کے اتحاد، سلامتی اور استحکام کےلیے سپورٹ کا اعادہ کیا اور اس کے جائز اداروں کے تحفظ کی اہمیت پر زوردیا۔
غیر ملکی مداخلت، غیر قانونی ہتھیاروں، کرائے کے فوجیوں اور غیرملکی جنگجووں کی مسلسل آمد سے خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ’اس طرح کے اقدامات تنازع کو طول دے رہے ہیں اور سوڈانی عوام کے مصائب مزید بڑھا رہے ہیں۔‘
یاد رہے ریپڈ سپورٹ فورس نے سنیچر کو وسطی سوڈان میں بے گھر خاندانوں کو کے جانے والی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں آٹھ بچوں سمیت کم از کم 24 افراد مارے گئے، اس سے قبل ورلڈ فوڈ پروگرام کے ایک امدادی قافلے کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا۔
