Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغان سفیر کے ساتھ ’بدسلوکی‘ کا الزام مسترد

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان سفارتی آداب کے مطابق تمام سفارت کاروں کو عزت و احترام دیتا ہے، فوٹو: ٹوئٹر
پاکستان نے افغانستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے افغان سفیر کے ساتھ بدسلوکی کے الزام کو مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت پاکستان سفارتی آداب اور اصولوں کے مطابق تمام سفارت کاروں کو عزت اور احترام دیتی ہے۔
ترجمان کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں تعینات پاکستان کے سفارتی عملے کو کئی روز سے مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق پاکستان اپنے تحفظات سے افغان حکومت کو آگاہ کر چکا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے کے عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فی الفور اقدامات کیے جائیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان نیا سفارتی تناؤ تین نومبر کو اس وقت پیدا ہوا جب پاکستان نے شکایت کی کہ کابل میں اس کے سفارتی عملے کی گاڑیوں کو روکا گیا اور موٹر سائیکلوں نے انہیں ٹکر بھی ماری۔
اس پر پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ واقعے پر افغان ناظم الامور کو طلب کر کے کابل میں پاکستانی سفارت کاروں کی حفاظت سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔

افغانستان نے پاکستان میں اپنے سفیر شکر اللہ عاطف مشعال کو ہراساں کرنے کی شکایت کی تھی، فوٹو: ٹوئٹر

افغان ناظم الامور سے پاکستانی سفارتی عملے کو ہراساں کرنے کے اس واقعے کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔
دوسری جانب افغانستان نے بھی پاکستان میں اپنے سفیر کو ہراساں کرنے کی شکایت کی تھی۔
اس کے بعد سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کابل میں پاکستان کے سفارت خانے کے قونصلر آفس کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: