Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیٹ بیلٹ خلاف ورزی پر 24 گھنٹے قید ؟

نجران ریجن میں خود کار چالان سسٹم کو فعال کیا جارہا ہے ۔فوٹو ۔ عاجل
نجران ریجن میں ہائی وے اور اہم شاہراہوں پر سیٹ بیلٹ اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے والوں کے خلاف ڈیجیٹل چالان سسٹم کا آغاز  24 نومبر بروز اتوار سے کیاجارہا ہے ۔
ہائی وے پولیس نے ٹوئیٹر  پر انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس کے سلامتی قوانین پر سختی سے عمل کیاجائے ۔ سیٹ بیلٹ  خلاف ورزی پر  150 ریال چالان کیا جائے گا جبکہ 30 دن کے اندر دوسری  بارخلاف ورزی ریکارڈ ہونے پر چالان کی رقم ڈبل  یا  24 گھنٹے لاک اپ میں بھی بند کیاجاسکتا ہے ۔دونوں سزائیں بیک وقت بھی دی جاسکتی ہیں۔
عاجل ویب نیوز نے ہائی وے ٹریفک پولیس کے حوالے سے کہا ہے کہ نجران ریجن میں خود کار چالان سسٹم کو فعال کیا جارہا ہے ۔ خاص طور پر ہائی ویز اور ایسی اہم شاہراہوں پر ڈیجیٹل سسٹم " ساھر " نصب کیا گیا ہے جہاں ٹریفک ازدحام غیر معمولی ہوتا ہے ۔
سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی محض ڈرائیور پر ہی عائد نہیں ہوتی بلکہ فرنٹ سیٹ پر بیٹھنے والے پر بھی لازمی ہے کہ وہ بھی سیٹ بیلٹ استعمال کرے ۔
فرنٹ سیٹ پر بیٹھنے والا شخص اگر  بیلٹ استعمال نہیں کرتا تو اس پر کیاجانے والا چالان بھی گاڑی کے مالک یا جس کے نام گاڑی چلانے عارضی  اختیار ہو گا  پر کیاجائے گا۔

 ڈرائیونگ کے دوران  موبائل فون ہاتھ میں لیکر استعمال کرنا انتہائی خطرناک ہو تا ہے. فوٹو ۔ المرصد نیوز  

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران  موبائل فون ہاتھ میں لیکر استعمال کرنا انتہائی خطرناک ہو تا ہے اس لیے ایسے افراد جو ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون ہاتھ میں لیکر استعمال کرتے ہیں وہ  سنگین ٹریفک خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں جو انتہائی خطرناک حادثات کا سبب بنتا ہے ۔
ڈرائیونگ کے دوران  ہینڈ فری کے ذریعے موبائل فون  استعمال کرنے پر کسی قسم کی پابندی نہیں تاہم اسمارٹ فون پر سوشل میڈیا کا استعمال  انتہائی خطرناک ہو تا ہے ۔ 
واضح رہے ڈیجیٹل چالان سسٹم "  ساھر" تقریبا مملکت کے تمام شہروں میں نصب کیاجاچکا ہے جس کے تحت خودکارطریقے سے خلاف ورزیوںکے مرتکب ڈرائیوروں کا چالان کیاجاتا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: