Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ساری رقم خرچ نہ کر لینا‘

جس چیک کی تصویر شئیر کی گئی وہ ’ایک ھللہ‘ کا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
 سعودی شہری نے وزارت خزانہ کی جانب سے 11 برس قبل جاری کیے جانے والے چیک کی تصویر ٹوئٹرپر شیئر کی ہے۔ سوشل میڈیا پر اس کے چرچے ہیں اس پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق جس چیک کی تصویر شیئر کی گئی ہے وہ ’ایک ھللہ‘ کا ہے۔
یاد رہے کہ ایک سعودی ریال میں 100 ھللہ ہوتے ہیں۔ ان دنوں پاکستان میں سعودی ریال کی قیمت 41.25 ہے اس حساب سے ایک ھللہ کی قیمت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
وزارت خزانہ نے یہ چیک سعودی کنسلٹنٹ انجینئر احمد العبدالکریم کے نام جاری کیا تھا۔

وزارت خزانہ نے یہ چیک  کنسلٹنٹ انجینئر احمد العبدالکریم کے نام جاری کیا تھا (فوٹو: سوشل میڈیا)

 احمد العبدالکریم چیک کی تصویرشیئر کرتے ہوئے لکھا ’یہ چیک ہمیں 11 برس قبل جاری کیا گیا تھا۔ اسے یادگار کے طور پراس خیال سے محفوظ کیے ہوئے ہوں ممکن ہے کسی وقت اس کی قدر میں کچھ اضافہ ہوجائے‘۔
العبد الکریم کی اس ٹویٹ پر دلچسپ تبصرے سامنے آئے۔ ایک صارف نے لکھا ’چیک کی پوری رقم مت خرچ کر لینا، اس کا کچھ حصہ بچا لینا تو بہتر ہو گا۔ چیک کو فریم کروا کر گھر میں محفوظ کرلیا جائے‘۔
بعض صارفین نے ٹویٹ کی کہ ’ذرا یہ تو بتائیں کہ وزارت خزانہ نے جس کمپنی کے نام یہ چیک جاری کیا تھا وہ کیا کام کرتی ہے؟‘
 چیک کی شیئر کی جانے والی تصویر اور ٹویٹ پر اب تک سینکڑوں تبصرے آ چکے ہیں۔

 چیک کی شیئر کی جانے والی تصویر پر اب سیکڑوں تبصرے آچکے ہیں۔

ناصر المنقور نے ٹویٹ کی ’رب کا شکر ادا کرو، قناعت پسند بنو، زیادہ لالچ مت کرو‘۔
سعودی شہری احمد العبد الکریم نے جواب دیا ’اپنا ذہن لالچ کے چکر میں مت خرچ کرو‘۔ بندر نامی ایک صارف نے ٹویٹ کیا ’چیک کی ساری رقم نہ خرچ کرلینا، کچھ بچا کر بھی رکھ لینا‘۔
مدلج المدلج نے ٹویٹ کی ’حق کبھی رائیگاں نہیں جاتا، کتنا ہی کم کیوں نہ ہو، حق کبھی نہ چھوڑا جائے۔‘
عبداللہ آل موسیٰ نے لکھا’ کیا خیال ہے چیک کے کاغذ، اس کی روشنائی اور چیک نویس کی محنت کی لاگت اس رقم کے مساوی ہے جو چیک پر لکھی ہوئی ہے‘۔
م واط نامی صارف نے ٹویٹ کیا ’ بخدا یادگار ہے اسے کبھی کیش نہ کروانا‘۔
عبدالکریم بن سعد الصعقر نے ٹویٹ کی ’ یہ بھی بتا دو کہ اس افسانوی رقم کے بدلے آپ نے کیا کارنامہ انجام دیا تھا‘۔
ھوادی نے لکھا ’برادر احمد میں نوادر جمع کرنے کا دلدادہ ہوں اگر تم یہ چیک فروخت کرنا چاہو تو مجھ سے رابطہ کرسکتے ہو۔‘

شیئر: