Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گھر آپ کا عکاس‘ رضاکاروں کی صفائی مہم 

صفائی مہم میں شامل رضاکار کا تعلق 4 یونیورسٹیوں سے ہے ۔ فوٹو ۔ سبق نیوز
رضاکاروں کے عالمی دن کے موقع پر جدہ میں 77 گروپ کے تین ہزار رضاکار ساحل کے جنوبی علاقے کی صفائی میں مصروف ہیں۔ رضاکاروں کی ٹیمیں چار یونیورسٹیوں کے طلبا پر مشتمل ہیں۔

جدہ کا ساحل زائرین کے لیے بھی اہم تفریحی مقامی کی حیثت رکھتا ہے۔ فوٹو: ایس پی اے 

صفائی مہم کے لیے رضا کاروں کو بس سینڈیکیٹ کا تعاون بھی حاصل ہے۔ مقامی ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق بسوں کے ذریعے رضا کاروں کو یونیورسٹیوں اور مختلف مقامات سے ساحل پر پہنچایا جاتا ہے ۔ 

صفائی مہم کا مقصد معاشرے کو پیغام دینا ہے۔ فوٹو:سبق نیوز 

صفائی مہم کو ’گھر آپ کا عکاس‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔ جدہ آئیز گروپ کے سربراہ ھتان حمودہ کا کہنا ہے کہ ’رضاکاروں نے عالمی دن کی مناسبت سے  صفائی کی مہم شرو ع کی ہے جس کا مقصد معاشرے کو یہ پیغام دینا ہے کہ صفائی اپنے گھر کی ہی نہیں بلکہ اپنے علاقے اور اطراف کی بھی کرنی چاہیے۔‘
رضاکاروں کا کہنا تھا کہ خوبصورت اور صاف ستھرا ساحل سب کو اچھا لگتا ہے اس لیے ساحل کو صاف ستھرا رکھنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ ساحل سمندر سب کے لیے بہترین تفریح گاہ ہے یہاں آنے والے خوشی اور مسرت کے متلاشی ہوتے ہیں اگرساحل  گندہ ہو تو تفریح کے لیے آنے والوں کو کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ساحل پرواکنگ ٹریک بھی بنایا گیا ہے ۔ فوٹو ۔ ایس پی اے 

ایک اور گروپ کے لیڈر کا کہنا تھا کہ ’ہم رضاکارانہ طورپ ساحل کی صفائی کر کے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ صفائی نصف ایمان ہے۔‘ 
واضح رہے جدہ شہر میں رہنے والے اور یہاں آنے والوں کے لیے سب سے بڑا تفریحی مقام ساحل سمندر ہے۔ یہ ساحل میلوں پر پھیلا ہوا ہے۔ 
بلدیہ کی جانب سے ساحل کی تزئین و آرائش کے لیے ہمہ وقت نت نئی سکیم شروع کی جاتی ہے۔ حال ہی میں مغربی ساحل کے علاقے کو جدید خطوط پرتعمیر کیا گیا ہے۔ 
مختلف ممالک سے عمرہ اور زیارت پر آنے والے جدہ ساحل پر لازمی آتے ہیں۔ جدہ کورنیش پر آنے والوں کے لیے خصوصی طور پر ’واکنگ ٹریک‘ بھی بنایا گیا ہے جبکہ بچوں کی تفریح کے لیے جھولے اور دیگر اشیا کا بھی انتظام موجود ہے۔ 

شیئر: