Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حفاظتی تدابیر کے ساتھ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نمازجمعہ

 دونوں مساجد کے ائمہ نے خطبات نئے کورونا وائرس کے حوالے سے دیے۔فوٹو عرب نیوز
مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں جمعے کی نماز نئے کورونا وائرس سے بچاﺅ کے سخت حفاظتی انتظامات میں ادا کی گئی۔
سعودی میڈیا کے مطابق مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں  جمعے کی نماز امام و خطیب شیخ ڈاکٹر عبداللہ الجہنی نے پڑھائی جبکہ مسجد نبوی میں جمعے کی نماز شیخ ڈاکٹر صلاح البدیر نے پڑھائی۔
 دونوں مساجد کے ائمہ نے جمعہ کے خطبات نئے کورونا وائرس کے حوالے سے دیے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق انتظامیہ نے جمعرات 5مارچ کو نماز عشا کے ایک گھنٹے بعد مسجد الحرام بند کردی تھی۔ جسے نماز فجر سے ایک گھنٹہ قبل کھول دیا گیا تھا۔
اس سے قبل مسجد الحرام اور مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا تھا کہ عشاء کی نماز ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی شریف مدینہ منورہ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق انتظامیہ کے عہدیدار نے بتایا کہ’ یہ فیصلہ  کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے دونوں مقدس مساجد کی مسلسل صفائی اورفرض نمازوں سے خارج اوقات میں انہیں جراثیم سے پاک صاف رکھنے کی ضرورت کے پیش نظر کیا گیا۔‘

مسجد نبوی الشریف کا قدیم حصہ بھی بند رہے گا( فوٹو ، سوشل میڈیا)

انتظامیہ کے عہدیدار نے مزید بتایا تھا کہ ’جب تک عمرہ بند رہے گا تب تک خانہ کعبہ کے اطراف طواف والا صحن اور صفا و مروہ کے درمیان سعی والا حصہ بھی بند رکھا جائے گا۔ عمرے پر پابندی کے دوران نمازیں صرف مسجد کے اندر ہوں گی۔‘
انتظامیہ کے عہدیدار نے توجہ دلائی کہ ’سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے عمرے پر پابندی کا فیصلہ مکہ مکرمہ شہر کے تمام باشندوں پربھی لاگو ہوگا۔ کسی بھی احرام پوش کو مسجد الحرام اور اس کے اطراف صحنوں میں داخل ہونے کی اجازت کسی بھی حالت میں نہیں دی جائے گی۔‘
ایک فیصلہ یہ بھی کیا گیا تھا کہ اعتکاف اور مسجد میں بستر ڈالنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ کھانے پینے کی اشیا لے جانے کی بھی ممانعت ہوگی۔ آب زمزم کی سبیلیں بھی بند کردی جائیں گی۔

خانہ کعبہ کے اطراف حفاظتی احاطہ  قائم کیا گیا ہے(فوٹواخبار24)

انتظامیہ کے عہدیدار کے مطابق احتیاطی تدابیر کے تحت روضہ شریفہ سمیت مسجد نبوی کا پرانا والا حصہ بھی بند کردیا جائے گا جبکہ جنت البقیع بھی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
یاد رہے حرم مکی الشریف میں کورونا وائرس سے بچاو کے پیش نظر جمعرات کی سہہ پہرعصر کی نماز کے بعد سے زائرین سے خالی کرانے کا آغاز کردیا گیا تھا تاکہ صحن مطاف کو جراثیم کش ادویات سے دھو کرصاف کیاجائے۔
خانہ کعبہ کے اطراف حفاظتی احاطہ
اخبار 24 کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ریکارڈ وقت میں ٹائم پلس ٹیکنالوجی کی مدد سے خانہ کعبہ کے اطراف حفاظتی احاطہ قائم کردی۔
 یہ احاطہ نئے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے حفاظتی تدبیر کے طور پر قائم کیاگیا ہے تاکہ زائرین غلاف کعبہ نہ چھو سکیں۔

شیئر: