سعودی وزارت تجارت کے قیمتوں پر قابو پانے والے یونٹ نے مختلف شہروں میں گزشتہ تیرہ دنوں میں گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف چار ہزار سے زائد چالان کیے ہیں۔
ویب نیوز’سبق‘ نے وزارت تجارت کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے وزارت تجارت نے تاجروں کو سختی سے ہدایت کی تھی کہ اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری چیزوں کے نرخوں میں غیر معمولی اضافہ نہ کیا جائے۔
مزید پڑھیں
-
میئرمکہ نے اشیائے صرف کی قیمتوں کا جا ئزہ لیا
Node ID: 467906 -
سبزی منڈی میں یومیہ بنیاد پر نرخ نامے
Node ID: 469511
وزارت تجارت کی جانب سے تاجروں کو تحریری طورپر بھی انتباہ کیا گیا تھا کہ نرخوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
وزارت کے پرائس کنٹرول یونٹ نے ملک کے مختلف شہروں میں 23 مارچ سے 4 اپریل تک 51 ہزار دورے کیے۔
اشیائے خورونوش کے علاوہ سینیٹائزز اور میڈیکل ماسک اور دیگر اشیا کے نرخوں کا معائنہ کیا گیا۔
تفتیشی ٹیم کا کہنا تھا کہ مارکیٹوں میں پھل اور سبزی کے نرخوں میں 54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ماسک اور سینیٹائزر کے نرخوں میں بیس فیصد جبکہ انڈوں کی قیمتوں میں چار فیصد اضافہ دیکھنےمیں آیا تھا۔
تفتیشی ٹیموں نے اضافہ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر ہی چالان کیے۔
قانون کے مطابق گراں فروشوں کے خلاف تادیبی کارروائی میں ان کی سالانہ فروخت کے مطابق 10 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
