Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں رہ جانے والے عمرہ زائرین کی واپسی شروع

کارروائی آن لائن ریکارڈ کو سامنے رکھ کر کی گئی (فوٹو سوشل میڈیا)
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی عرب کی جانب سے لگائی جانے والی پابندی کے باعث مملکت میں رہ جانے والے عمرہ زائرین کی واپسی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات محکمہ پاسپورٹ کے حکام نے اتوار کو سفری پابندیوں کے باعث رک جانے والے عمرہ زائرین کی واپسی کےلیے امیگریشن کی کارروائی کی ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق پاسپورٹ حکام نے ان عمرہ زائرین کی وطن واپسی کے لیے امیگریشن کی کارروائی نمٹائی  ہے جن کے عمرہ ویزے ختم ہوگئے تھے-
 یہ کارروائی وزارت حج و عمرہ کے آن لائن ریکارڈ کو سامنے رکھ کر کی گئی-
یاد رہے کہ سعودی قانون کے مطابق عمرہ ویزے کی میعاد سے زائد قیام پر جرمانے اور سزائیں مقرر ہیں جبکہ ایسے افراد کو بلیک لسٹ بھی کردیا جاتا ہے-
شاہی فرامین جاری کرکے ان عمرہ زائرین جو بوجوہ رک گئے تھے جرمانے اور قید کی سزاؤں سےاستثنی دیا گیا تھا۔
عمرہ زائرین کی وطن واپسی کے تمام انتظامات ’نگراں کمیٹی‘ کی سرپرستی میں انجام دیے گئے-
محکمہ پاسپورٹ نےاپنے بیان میں کہا ہے کہ وزارت حج وعمرہ، وزارت صحت ، شہری ہوابازی اورکنگ عبدالعزیزایئرپورٹ جدہ کےحکام کےتعاون سے وطن واپس جانے والےعمرہ زائرین کا ائیر پورٹ پرخیر مقدم کیا گیا جبکہ نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے والی احتیاطی تدابیر پر بھی عمل کیا گیا-

شیئر: