احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری ہیں (فوٹو، سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 493 کورونا وائرس کے مریضوں کی تصدیق کے بعد اب تک اس مرض میں مبتلا افراد کی تعداد 5862 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے یومیہ بنیاد پر منعقد ہونے والی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’گرشتہ 24 گھنٹے کے دوران کووڈ 19 سے متاثرہ 6 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعدمجموعی ہلاکتوں کی تعداد 79 تک پہنچ چکی ہے، ہلاک ہونے والوں میں بیشترمریض مہلک امراض کا بھی شکار تھے‘۔
اب تک 931 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں(فوٹو،سوشل میڈیا)
کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 42 افراد صحتیاب ہوئے جس کے بعد اس مرض سے اب تک 931 افراد شفایاب ہوچکے ہیں ۔
سعودی وزارت صحت کی جانب سے 15 اپریل کو جاری ہونے والے اعداد وشمار کے مطابق کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض مدینہ منورہ میں رجسٹرڈ کیے گئے جن کی تعداد 109 تھی جبکہ الھفوف میں 86، دمام میں 84، جدہ میں 69، ریاض میں 56، مکہ مکرمہ میں 40، طائف میں 9، الجبیل میں 6، المخواہ 6، خلیص 6، عرعر میں 5، ینبع 4،القطیف 4 ،الباحہ 2، راس تنورہ 2 اور الزلفی ، الخبر، الظران، الظیلف اور القریع میں ایک ، ایک مریض کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے,۔
وزارت صحت کی جانب سے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ’کورونا وائرس‘ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری ہیں اس ضمن میں وزارت صحت اور ٹیلی کمیونیکشن کے اشتراک سے لوگوں کو مختلف زبانوں میں انتباہی پیغامات ارسال کیے جارہے ہیں جن میں گھروں میں رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔