جدید ٹیکنالوجی کا استعمال: حج امیگریشن کا وقت اب 15 منٹ تک ہو گیا
خدمات کے معیار میں بہتری کے لیے کام کیا جارہا ہے۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے نائب وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عازمین حج کے امیگریشن کا وقت 15 منٹ تک ہو گیا۔ ماضی میں چار سے پانچ گھنٹے لگتے تھے۔
جدہ میں چھٹی حج کانفرنس و نمائش کے تیسرے دن ایک سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار میں بہتری کے لیے جامع انداز میں کام کیا جارہا ہے۔
نائب وزیر محنت و انسانی وسائل ڈاکٹر عبداللہ ابوثنین نے بتایا ’اجیرالحج‘ سروس کے ذریعے گزشتہ حج سیزن میں ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد سیزنل کارکنوں کی سہولت فراہم کی گئی جن میں 53 ہزار سے زیادہ سعودی کارکن شامل تھے۔
وزارت نے ’قوی‘ پلیٹ فارم کے ذریعے تجارتی اداروں کو عارضی ملازمتوں کے لیے 41 ہزار ورک ویزے فراہم کیے۔ نگرانی کے لیے 10 ہزار سے زائد وزٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں 2 ہزار400 سے زائد انتظامی کارروائیوں اور معاملات کو بہتر کیا گیا۔
ڈاکٹر عبداللہ ابوثنین کے مطابق ’انورت‘ اقدام کے تحت 6 لاکھ سے زائد عازمین کو خدمات فراہم کی گئی ہیں جن میں ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد بزرگ عازمین شامل تھے۔
اس اقدام میں 4 ہزار سے زائد مرد وخواتین رضاکاروں نے حصہ لیا جبکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بچوں کی دیکھ بھال کے لیے 37 مراکز بھی فعال کیے گئے۔

نائب وزیر سیاحت عبدالمحسن نے کہا کہ گزشتہ حج سیزن کے دوران نگرانی کے لیے 30 ہزار وزٹ کیے ۔ ان دوروں کا مقصد رہائشی اداروں کی تیاریوں کا جائزہ لینا اور معاہدوں کے تحت طے شدہ خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔
حج امور کے بارے میں نائب وزیر اطلاعات ڈاکٹر عبداللہ المغلوث کا کہنا تھا حج کے لیے قائم کردہ متحدہ میڈیا آپریشنز سینٹر نے 40 سے زائد سرکاری اداروں کے ابلاغی منصوبوں کو جامع میڈیا پلان فراہم کیا جس سے مختلف اداروں کی کوششوں میں ہم آہنگی پیدا ہوئی۔

انہوں نے بتایا سعودی عرب میں حج سیزن کے دوران تقریبا 3 ہزار مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں اور میڈیا نمائندوں کی میزبانی کی گئی۔
صحافیوں کوفراہم کی جانے والی سہولتوں میں مشاعر مقدسہ میں براہ راست نشریات کے لیے 120 پلیٹ فارمز، مختلف اسٹوڈیوز اور کام کے لیے مخصوص مقامات کی فراہمی شامل تھی۔
’حج میڈیا فورم‘ کے انعقاد کا بھی اہتمام کیا گیا جہاں 13 ہزار 500 سے زائد ماہرین، صحافیوں اور وزیٹرز کی گنجائش ہوتی ہے۔
