Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی اے آئی انڈیکیٹرز رینکنگ میں نمایاں پوزیشن

مصنوعی ذہانت کے مجموعی استعمال میں پانچویں پوزیشن حاصل کی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے آئی ایم ڈی ورلڈ ڈیجیٹل اینڈ اے آئی رینکنگ 2026 میں 70 ممالک کے درمیان متعدد اے آئی انڈیکیٹرز میں عالمی سطح پرنمایاں پوزیشن حاصل کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار مینجمنٹ ڈیولپمنٹ (آئی ایم ڈی) کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا کہ مملکت نے مصنوعی ذہانت سے متعلق سائبر سکیورٹی خطرات  اور کارپوریٹ اے آئی سسٹمز میں حساس ڈیٹا کے تحفظ کے بارے میں کمپنیوں کی آگاہی کے حوالے سے عالمی سطح پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔
سعودی عرب قومی مصنوعی ذہانت کی حکمت عملی پر عمل درآمد، کمپنیوں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال اور معاشرے میں اس ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنے کے تین انڈیکیٹرز میں چوتھے نمبر پر رہا۔
مصنوعی ذہانت کے مجموعی استعمال کے شعبے میں مملکت نے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔  مصنوعی ذہانت کی مہارتوں، شہری خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے شہروں میں اس ٹیکنالوجی کے استعمال اور کمپنیوں کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے الگورتھمز کے معیار میں مملکت کا ساتواں نمبر رہا جبکہ مصنوعی ذہانت کے لیے تیاری کے شعبے میں آٹھویں پوزیشن حاصل کی۔
نجی شعبے کی مصنوعی ذہانت میں سرمایہ کاری کے معیار میں سعودی عرب 9 ویں اور مصنوعی ذہانت و سرمائے میں سرمایہ کاری کے شعبے میں 11 ویں نمبر پر رہا۔
یہ نتائج ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت کے نظام کو ترقی دینے، مختلف شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو وسعت دینے، قومی صلاحیتوں کو فروغ دینے، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور ضابطہ جاتی نظام کو بہتر بنانے میں سعودی عرب کی پیش رفت کی عکاسی کرتے ہیں۔

 

شیئر: