Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا جی سی سی کے درمیان مضبوط مشترکہ سکیورٹی پلاننگ پر زور

جی سی سی کے وزرائے داخلہ کا 43 ویں اجلاس بدھ کو بحرین میں ہوا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
 سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے کہا کہ ’سعودی قیادت کی ہدایت کے مطابق خلیجی ملکوں کے مشترکہ سکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔‘
ایس پی اے کے مطابق بحرین میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ملکوں کے وزرائے داخلہ کا 43 ویں اجلاس بدھ کو بحرینی وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ آل خلیفہ کی زیر صدارت  منعقد ہوا۔
 سعودی وزیر داخلہ نے جی سی سی وزرائے داخلہ کو آئندہ 44 ویں اجلاس کے لیے سعودی عرب میں خوش آمدید کہا اور خلیجی مشترکہ سکیورٹی تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا  اظہار کیا۔
انہوں نے حالیہ اجلاس کی میزبانی کرنے پر بحرین کی قیادت جبکہ اجلاس کی تیاریوں میں معاونت کرنے پر جی سی سی کے سیکرٹری جنرل کا بھی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا ’موجودہ علاقائی و عالمی حالات غیرمعمولی چیلنجز پیدا کررہے ہیں۔ اس سے نمٹنے کے لیے صرف سکیورٹی واقعات پر ردعمل دینے سے آگے بڑھیں اور مشکلات کے لیے پیشگی تیاری کریں۔
انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمنٹے کے لیے جامع منصوبہ بندی اور کو آرڈینیشن کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ’جی سی سی ممالک کی سلامتی ایک دوسرے سے وابستہ ہے اور کسی ایک رکن کو لاحق خطرہ پورے خلیجی سیکیورٹی نظام کے لیے خطرہ ہے۔‘
انہوں نے جی سی سی کے رکن ملکوں اور وہاں کے رہائشیوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
سعودی وزیر داخلہ نے حوثی دہشت گرد ملیشیا کی جانب سے مملکت میں شہریوں، شہری تنصیبات اور اقتصادی مراکز کو نشانہ بنانے اور حرمین شریفین پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’ایسے اقدامات کسی بھی جواز کے تحت قابلِ قبول نہیں۔‘

’یہ حملے شہریوں کی زندگیوں اور یمن سمیت پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ اور یہ یمن سمیت پورے خطے کی سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہیں۔‘
اجلاس کے اختتام سے قبل وزرائے داخلہ نے مشترکہ سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے ایجنڈے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
اجلاس میں شامل سعودی وفد میں وزارت داخلہ کے انڈرسیکرٹری ڈاکٹر خالد بن محمد البتال، ڈائریکٹر جنرل امن عامہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عبداللہ البسامی، بحرین میں مملکت کے سفیر نایف بن بندر السدیری و دیگر اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔

 

شیئر: