Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا بھر کے لوگ کورونا بحران کی وجہ سے مشکل میں ہیں، شاہ سلمان

زائرین کی خدمت اور میزبانی کو اپنے لیے باعث فخر و نازسمجھتے ہیں- فوٹو سبق
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر سعودی عوام، تارکین وطن اور امت مسلمہ کے نام مبارکباد کا پیغام جاری کردیا- جسے قائم مقام وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر ماجد القصبی نے ریڈیو اور ٹی وی پر پڑھ کر سنایا-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے اس امر پر زور دیا کہ آزمائش کی گھڑی میں ہمیں ٹھوس جدوجہد جاری رکھنا ہوگی اور حفاظتی اقدامات کی پابندی کرتے رہنا ہوگی-
شاہ سلمان نے کہا کہ امسال رمضان کا مہینہ ایسے حالات میں آرہا ہے جبکہ دنیا بھر کے انسان تاریخ کے نہایت مشکل، نازک اور خطرناک بحران سے گزر رہے ہیں- نیا کورونا وائرس پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہے حالانکہ انسانیت نواز تنظیمیں اور دنیا بھر کے ممالک اس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کا اہتمام کررہے ہیں-
شاہ سلمان نے صحت عملے، سرحد کی حفاظت کرنے والے فوجیوں، عسکری اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا-  انہوں نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کےلیے سعودی عرب کے حفاظتی اقدامات کا تذکرہ فخریہ لہجے میں کیا-
شاہ سلمان نے کہا کہ ’وہ سعودی عوام اور تارکین کی خدمت  اور دنیا بھر کے انسانوں کی صحت و سلامتی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں-
شاہ سلمان نے کہا کہ مساجد میں تراویح اور نماز باجماعت ادا نہ کرنے پرہمیں دکھ ہے- انسانی جانوں کی حفاظت  کے شرعی حکم کی تعمیل میں ایسا کیا جارہاہے- شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں رمضان کی نعمت عطا ہونے پر سعودی شہریوں اور تارکین وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے اس پر اللہ تعالی کا شکر ادا کیا-
شاہ سلمان نے توجہ دلائی ہے کہ اللہ تعالی نے ہمیں خانہ کعبہ اورمسجد نبوی شریف کی خدمت کا منفرد اعزاز بخشا ہوا ہے- اللہ تعالی نے اس عظیم ذمہ داری کے لیے اقوام عالم میں سے ہمارا انتخاب کیا ہے- ہم زائرین کی خدمت اور میزبانی کو اپنے لیے باعث فخر و ناز سرمایہ سمجھتے ہیں- ہم حج، عمرہ اور زیارت پر آنے والوں کی خدمت اور ان کے آرام و راحت کا اہتمام کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے- زائرین کی صحت و سلامتی اور امن و امان کا ہم نے ہمیشہ دھیان رکھا ہے آئندہ بھی رکھیں گے-
شاہ سلمان نے کہاکہ ہماری اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ ہمیں عطا کیے ہوئے اعزاز کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دینے کی توفیق عطا کرتا رہے- شاہ سلمان نے نئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ یہ سارے انتظامات سعودی عوام یہاں  مقیم غیرملکیوں اور دنیا بھر کے  انسانوں کی صحت و سلامتی کی خاطر کیے گئے ہیں- سعودی عرب کورونا کی وبا سے ہونے والے  اقتصادی نقصانات کی تخفیف میں اپنا حصہ ملکی و عالمی ہر سطح پر ڈال رہا ہے-

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: