Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں رمضان کا پہلا جمعہ

حفاظتی رکاوٹیں ہٹا دی گئی تھیں-(فوٹو ایس پی اے)
 مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں رمضان کا پہلا جمعہ ادا کیا گیا- فرزندان اسلام  نے نماز سے قبل خانہ کعبہ کا طواف کیا- 
جمعرات اور جمعہ کی شب خانہ کعبہ کے اطراف حفاظتی رکاوٹیں ہٹا دی گئی تھیں- نماز ادا کرنے والوں میں دونوں مقدس مساجد کی انتظٓامیہ کےارکان، سیکیورٹی اہلکار اور کارکنان شریک ہوئے-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں جمعہ کا خطبہ امام و خطیب حرم شیخ ڈاکٹر سعود الشریم نےدیا- انہوں نے رمضان المبارک کی اہمیت، فضیلت اور عالم اسلام میں اس کے مقام و رتبے پر روشنی ڈالی-
خطیب حرم نے رقت آمیز لہجے میں کہا کہ دنیا بھر میں مصیبتیں آتی جاتی رہتی ہیں- دینی میں آزمائش ہر آفت سے بڑھ کر ہوتی ہے- اللہ تعالی ہمیں دین کے حوالے سے کسی مصیبت میں گرفتار نہ کرے-
امام حرم نے کورونا وائرس کی وبا کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ وبا پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہے- اس سے محض آفت نہ سمجھا جائے اس میں ہمارے لیے بہت سے درس و عبرت بھی ہے- کورونا کی وبا دنیا بھر کے معاشروں کی سلامتی کی اہمیت کو بھی اجاگر کررہی ہے-
امام حرم نے مزید کہا کہ کورونا کی وبا نے ہمیں یہ سکھایا ہے کہ انسان آسائشی اشیا اور بے شمار نعمتوں کے بغیر زندگی گزار سکتا ہے لیکن صحت انمول نعمت ہے اس کی ہمیں حفاظت کرنا ہے- اس وبا نے ہمیں غفلت سے جگا دیا-
امام حرم نے کہا کہ سب لوگ اس تاریخی وبا سے درس اور عبرت پکڑیں- ہمیں یقین ہے کہ امت مسلمہ اس بحران سے بھی سربلند ہوکر نکلے گی-

جمعہ کا خطبہ امام و خطیب حرم شیخ ڈاکٹر سعود الشریم نےدیا-(فوٹو ایس پی اے)

امام حرم نے دعا کی کہ اللہ تعالی دنیا بھر کے انسانوں کو اس بلا سے نجات دے دے- انہوں نے کرونا کے مریضوں کی خدمت کرنے والے طبی عملے کو خراج شکر و تحسین پیش کیا-
ڈاکٹر الشریم نے کہا کہ کورونا کی وبا سے ہمارا یہ امتحان بھی ہورہا ہے کہ ہم گھروں میں اللہ کی عبادت کی کس طرح پابندی کرتے ہیں اور کتنا زیادہ اللہ کو یاد کرتے ہیں-
دوسری جانب مسجد نبوی میں رمضان کا پہلا جمعہ شدید حفاظتی اقدامات کے ماحول میں ادا کیا گیا-
مساجد میں جمعہ اور فرض نمازوں کی پابندی کے فیصلے کے بعد پہلی بار مسجد نبوی میں جمعہ کی نماز ادا کی گئی- اس پابندی سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی مستثنی رکھی گئی ہیں-
مسجد نبوی کی انتظامیہ نے جمعہ کے موقع پر حفاظتی انتظامات کررکھے تھے- کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پوری مسجد خصوصا ان حصوں کو زبردست طریقے سے سینیٹائز کیا گیا تھا جہاں جمعہ کی نماز کا اہتمام کیا گیا تھا-

کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پوری مسجد کو سینیٹائز کیا گیا تھا(فوٹو ایس پی اے)

 دریں اثنا مسجد نبوی کی انتظامیہ نے رمضان آپریشنل پروگرام جاری کیا ہے- رمضان  کے دوران زیارت، عام نمازیوں کی آمد اور اعتکاف پر پابندی رہے گی-
اس دوران مسجد نبوی کو سینیٹائز کرنے، عملے کے ایک ایک فرد کے معائنے اور مسجد نبوی میں جنازے لانے والوں کے معائنے کا اہتمام برقرار رہے گا-
مسجد نبوی میں دیگر نمازوں کی طرح تراویح اور تہجد ہوگی- پہلی تراویح گزشتہ رات ادا کی گئی- تراویح بیس کے بجائے دس رکعتوں پر مشتمل ہے- 
مسجد نبوی میں گزشتہ برسوں کے برخلاف اس سال افطار دستر خوان نہیں لگایا جارہا ہے اس کے بجائے مدینہ منورہ گورنریٹ کی نگرانی میں رمضان راشن خاندانوں میں تقسیم کیا جارہا ہے-
السنۃ نبویہ اور القرآن کریم چینل  سے دونوں مقدس مساجد کے مناظرچوبیس گھنٹے پیش کیے جارہے ہیں-
 

 

شیئر: