Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں 96.6 ملین نمازی، ایک کروڑ 56 لاکھ نے عمرہ کیا

ریاض الجنہ میں نوافل ادا کرنے والوں کی تعداد 5 لاکھ 79 ہزار رہی۔(فوٹو: ایس پی اے)
حرمین شریفین کے امور کی جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوعشروں کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں زائرین اور نمازیوں کی مجموعی تعداد 9 کروڑ 66 لاکھ 38 ہزار 865 (96.6 ملین) رہی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے داخلی دروازوں پر نصب حساس سینسرسسٹم کے ذریعے حاصل کردہ ڈیٹا سے اعداد وشمار جاری کیے گئے ہیں۔
 مسجد الحرام میں گزشتہ 20 دنوں میں 5 کروڑ 75 لاکھ 95 ہزار 401 افراد نے پانچوں وقت کی نماز اور تراویح ادا کی جبکہ عمرہ کرنے والوں کی تعداد ایک کروڑ 56 لاکھ 5 ہزار 86 رہی۔
 مسجد نبوی میں 2 کروڑ 11 لاکھ 43 ہزار 259 افراد نے پانچ وقت کی نمازیں ادا کیں جبکہ روضہ شریفہ (ریاض الجنہ) میں نوافل ادا کرنے والوں کی تعداد 5 لاکھ 79 ہزار191 رہی۔
روضہ رسول ﷺ پر ایک کروڑ 71 لاکھ 15 ہزار 928 افراد نے سلام عرض کرنے کے لیے حاضری دی۔
یاد رہے حرمین شریفین  کے امور کی جنرل اتھارٹی عمرہ زائرین اور نمازیوں کی تعداد کو ٹریک کرنے کے لیے جدید سینسر ٹیکنالوجی کا استعمال کررہی ہے۔

یہ نظام آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے، ہجوم کے بہاو کو منظم کرنے اور سائٹس کی نگرانی کرنے والے شریک اداروں کے ساتھ ہم آہنگی میں معاون ہے۔

 

شیئر: