’کثیف دھواں سونگھنے کے باعث شہری کا دم گھٹ گیا اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا تھا‘ ( فوٹو: سبق)
جدہ کے الربوہ محلے میں ایک مکان میں آگ لگنے سے 30 سالہ شہری ہلاک ہوگیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ترجمان محکمہ شہری دفاع کرنل محمد بن عثمان القرنی نے کہا ہے کہ ’محکمے کو آتشزدگی کی اطلاع بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تین بج کر 14 منٹ پر ہوئی تھی‘۔
’اطلاع ملتے ہی آگ بجھانے والی متعدد ٹیمیں واقعے کی جگہ پر روانہ ہوگئیں، آتشزدگی دو منزلہ مکان میں لگی تھی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’شہری دفاع کے افراد جب دروازہ توڑ کر اندر پہنچے تو معلوم ہوا کہ ایک شخص آگ میں محصور ہے، اسے فوری طور پر نکالا گیا تاہم اس وقت وہ ہوش میں نہیں تھا‘۔
’بعد ازاں معائنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ دھواں سونگھنے کے باعث اس کا دم گھٹ گیا ہے اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوچکا ہے‘۔
’آتشزدگی پر قابو پانے کے بعد متوفی کو قریبی ہسپتال کے سرد خانے منتقل کردیا گیا جبکہ کیس کا اندراج پولیس میں کیا گیا ہے‘۔
’تفتیشی ٹیمیں آگ لگنے کے اسباب کا سراغ لگا رہی ہیں۔ آتشزدگی سے کوئی دوسرا شخص متاثر نہیں ہوا ہے‘۔
ترجمان نے تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’تمام رہائشی گھروں میں سلامتی کے آلات سمیت دھوئیں کا انکشاف کرنے والے آلات ضرور نصب کرلیں، یہ جان بچانے کے لیے انتہائی اہم ہیں‘۔