Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی، خلاف ورزی پر 50 ہزار تک جرمانہ

’اجتماعات سے مراد ایسے 5 یا اس سے زیادہ افراد کا ایک جگہ جمع ہونا ہے جن کا ایک دوسرے سے کوئی رہائشی تعلق نہیں‘ ( فوٹو: واس)
سعودی وزیر داخلہ نے احتیاطی تدابیرکی خلاف ورزی کے ضابطوں اور سزاؤں کی منظوری دیدی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کے سابقہ بیان کے حوالے سے کچھ ضابطے مقرر ہوئے ہیں اور ان کی سزائیں واضح کی گئی ہیں‘۔
’ان ضابطوں اور سزاؤں کا مقصد کورونا وائرس کے انسداد کے لیے جاری کوششوں کو مضبوط کرنا اور معاشرتی فاصلے کو یقینی بنانا ہے‘۔
’ان ضابطوں اور سزاؤں کا تعلق ان اجتماعات اور تقریبات سے جہاں ایک سے زیادہ خاندان یا غیر خاندان کے افراد ایک جگہ جمع ہوتے ہوں‘۔
’ان ضابطوں میں اجتماعات سے مراد ایسے 5 یا اس سے زیادہ افراد کا ایک جگہ جمع ہونا ہے جن کا ایک دوسرے سے کوئی رہائشی تعلق نہیں‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’ہر طرح اور شکل و صورت کے اجتماعات پر پابندی عائد کی جارہی ہے خواہ اس کا تعلق خاندان سے ہو یا غیر خاندان سے، گھروں میں ہو یا گیسٹ ہاؤس یا کھلے مقامات میں، تقریبات جیسے شادی بیاہ، فیملی تقریبات، تعزیت یا گپ شپ کی مجلسیں ہوں، سب پر پابندی عائد ہے‘۔
’مزدوروں کے بھی ہر طرح کے اجتماعات پر پابندی ہے خواہ وہ گھروں کے اندر ہو یا کام کی جگہ پر یا کھلے مقامات پر‘۔
’شاپنگ سینٹر میں گاہکوں کے اجتماعات اور بھیڑ لگانے پر پابندی ہے خواہ دکان کے اندر ہو یا باہر سوائے اس تعداد کے جس کی اجازت دی گئی ہے‘۔
’ہر قسم کے اجتماعات کی خلاف ورزیوں کا اندراج کرانے کے لیے خصوصی فورس تشکیل دی جائے گی۔ علاوہ ازیں نجی شعبے میں اس مقصد کے لیے خصوصی افراد کا تعین کیا جائے گا‘۔
’خلاف ورزی پر ہر وہ شخص سزا کا مستحق ہوگا جو اجتماع میں حاضر ہوگا یا سبب بنے گا یا لوگوں کو جمع کرے گا‘۔
’جس شہری و غیر ملکی کو اس طرح کے اجتماعات کی علم ہوجائے تو اسے چاہئے کہ فوری طور پر فری ٹول نمبر رابطہ کرکے اس کی اطلاع کرے‘۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’وزیر داخلہ نے ضابطوں کی منظوری کے علاوہ خلاف ورزیوں پر سزاؤں کے لائحہ عمل کی بھی منظوری دی ہے‘۔
’خاندانی اجتماعات جہاں ایک سے زیادہ خاندان ایک جگہ جمع ہوں اور جن کے درمیان رہائشی تعلق نہ ہو اس پر 10 ہزار ریال جرمانہ ہوگا‘۔

’ مزدوروں کے بھی ہر طرح کے اجتماعات پر پابندی ہے خواہ وہ گھروں کے اندر ہو یا کام کی جگہ پر یا کھلے مقامات پر‘ ( فوٹو: سبق)

’خاندان سے باہر کے افراد اگر جمع ہوں خواہ گھر میں یا باغات میں یا کیمپوں یا کھلے مقامات میں، اس پر 15 ہزار ریال جرمانہ ہے‘۔
’تقریبات میں لوگو ں کے جمع ہونے پر خواہ وہ تقریب شادی بیاہ ہو، تعزیت ہو یا کسی بھی قسم کی تقریب ہو یا گپ شپ کی ہی محفل ہو، اس پر 30 ہزار ریال جرمانہ ہوگا‘۔
’مزدوروں کے اجتماع پر خواہ وہ گھروں کے اندر ہو، باہر ہو، کام کی جگہ ہو، گیسٹ ہاؤں یا کھلے مقام پر ہو، اس پر 50 ہزار ریال جرمانہ ہوگا‘۔
’شاپنگ سینٹر کے اندر کام کرنے والے یا گاہکوں کا مقررہ حد سے زیادہ جمع ہونے پر فی فرد 5 ہزار ریال جرمانہ ہوگا، اس کی حد ایک لاکھ ریال سے زیادہ نہیں ہوگی‘۔
’خلاف ورزی دہرانے پر جرمانہ دوگنا کر دیا جائے گا، دکان میں خلاف ورزی دہرائی گئی تو تین ماہ کے لیے بند کردی جائے گی‘۔
’دکان میں تیسری مرتبہ خلاف ورزی کی جائے گی تو 6 ماہ کے لیے بند اور دکان کے ذمہ دار کو پبلک پراسیکیوٹر کے سامنے پیش کردیا جائے گا‘۔
 

شیئر: