Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مرتضیٰ وہاب بھی کورونا کا شکار، ملک میں کئی علاقے سیل

اسلام آباد کے کئی علاقے وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد سیل کیے گئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک دن میں مرنے والوں کی نئی ریکارڈ تعداد رپورٹ ہوئی ہے اور سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 153 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
سنیچر کی صبح جاری کیے گئے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 31 ہزار 681 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے چھ ہزار 604 مثبت آئے۔ 
پاکستان میں مرنے والوں کی کل تعدا تین ہزار 382 جبکہ متاثرین ایک لاکھ 71 ہزار 666 ہیں جن میں سے 65 ہزار سے زائد صحتیاب ہو گئے ہیں۔

 

دوسری جانب سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وباب بھی کورونا کا شکار ہو گئے ہیں۔ 
بیرسٹر مرتضی وہاب کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔  کورونا کی تشخیص کے بعد مرتضی وہاب نے اپنے گھر پر ہی آئیسولیشن اختیار کرلی۔
انہوں نے کہا ہے کہ ان میں وائرس کی علامات نہیں ہیں، اور بہتر محسوس کررہے ہیں ۔
کراچی میں کورونا کیسز کی وجہ سے مشہور لی مارکیٹ سمیت کئی یونین کونسلز میں مختلف گلیوں کو سیل کیا گیا ہے۔ ضلع کورنگی میں لانڈھی ٹاؤن اور قیوم آباد کے وائرس زدہ علاقوں میں نقل وحرکت محدود کی گئی ہے جبکہ اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن کے مرکز اور اطراف کی گلیوں کو آمد ورفت کے لیے بند کر کے پولیس اہلکار تعینات ہیں۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے درجنوں علاقے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سیل ہیں اور حکام نے شہریوں کی نقل و حرکت کو محدود کرنے کے لیے خاردار تاریں لگا کر راستے بند کر رکھے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں ہیں۔ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 65 ہزار 163 ہو گئی ہے اور ایک ہزار 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
کیسز کے لحاظ سندھ کے بعد پنجاب دوسرے نمبر پے جہاں متاثرین کی تعداد 64 ہزار 216 ہوچکی ہے جبکہ 13 سو 47 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
خیبر پختونخوا میں متاثرین کی تعداد 20 ہزار 790 ہے اور 789 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ بلوچستان میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد نو ہزار 162 ہے اور ہلاکتیں 100 ہیں۔

گلگت بلتستان میں 1253 افراد متاثر ہیں اور 21 اموات ہوئی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس سے 10 ہزار 637 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 95 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 803 کیسز ہیں اور 17 اموات ہوئی ہیں جبکہ گلگت بلتستان میں 1253 افراد متاثر ہیں اور 21 اموات ہوئی ہیں۔

شیئر: