Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں جاری ’ای سپورٹس‘ ورلڈ کپ میں جاپان پارک توجہ کا مرکز

وزیٹرز، جاپان کا روایتی قومی لباس ’کی مونو‘ پہن کر آ سکتے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی دارالحکومت ریاض میں جاری ’ای سپورٹس‘ ورلڈ کپ میں جاپان پارک توجہ کا مرکز بن گیا ہے جہاں (اینیمے) جاپانی اینمیشن، (منگا) جاپانی کامکس یا گرافکس ناول اور وڈیو گیم کی نمائش جاری ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض کے بلیوارڈ سٹی میں ہونے والی اس نمائش میں وزیٹرز، جاپان کا روایتی قومی لباس ’کی مونو‘ پہن کر آ سکتے ہیں۔
ان اداکاروں سے مل سکتے ہیں جنھوں نے مشہور کرداروں کے لباس پہن رکھے ہیں۔ان میں غنڈم (جاپان کی فوج کے سائنس فِکشن کا کردار) اور ویگاپنک شامل ہیں۔
پارک میں جاری نمائش میں روایتی جاپانی کھیل شامل ہیں جن میں’ کنداما‘ اور ’گو‘ بھی ہیں۔ اس کے علاوہ پارک میں رقص اور مقبول اینمے سیریز سے متاثر ہو کر تیار کیے جانے والے سٹیج شوز بھی منعقد ہو رہے ہیں۔
اس کے علاوہ ماہرین، پارک میں روزانہ کی بنیاد پر جاپانی خطاطی پر ورکشاپس کا انعقاد کر رہے ہیں جن سے نمائش میں آنے والوں کو روایتی طریقوں کا پتہ چلتا ہے۔
پارک میں کاغذ کو فولڈ کرنے کا جاپانی فن اور جاپانی پنکھوں کے بارے میں بھی ورکشاپس ہو رہی ہیں جنھیں جاپانی پرفیشنلز سرانجام دے رہے ہیں۔
نمائش کے مقام کے قریبی ایریا میں کئی ریستوران ہیں جہاں جاپانی کھانے دستیاب ہیں۔
ای سپورٹس ورلڈ کپ سالانہ ٹورنامنٹ ہے جو جولائی سے اگست کے درمیان منعقد ہوتا ہے۔

 

شیئر: