سعودی نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید بن عبدالکریم الخریجی نے منگل کو برسلز میں یورپی یونین اور پارلیمنٹ کےعہدیداروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق یورپی پارلیمنٹ کی سول لبرٹیز، جسٹس اینڈ ہوم افیئرز کمیٹی کے سرابراہ ہاویئر سے ملاقات میں مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور اور اس حوالے سے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یورپی کمشنر برائے امور داخلہ اور مائیگریشن میگنس برونر سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔
سعودی وزیر نے جزیرہ نما عرب کے ساتھ تعلقات کےلیے یورپی پارلیمانی وفد کے سربراہ سے بھی ملاقات کی۔
سعودی عرب اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال اور اس حوالے سے کوششوں پر بات چیت کی۔

یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کی نائب سربراہ سے ملاقات میں سعودی عرب اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کا جائزہ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر یورپی یونین میں سعودی مشن کی سربراہ ایمبسڈر ھیفا الجدیع بھی موجود تھیں۔