Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الاحسا کی مارکیٹیں تازہ پھلوں سے سج گئیں

سعودی عرب میں الاحسا کا علاقہ غذائی اجناس اور موسم گرما میں انواع و اقسام کے پھلوں اور سبزیوں کا مرکز چلا آرہا ہے- ان دنوں جیسے جیسے گرمی کی شدت بڑھتی جا رہی ہے ویسے ویسے انواع  و اقسام کے تروتازہ پھلوں سے الاحسا کی مارکیٹیں سجتی چلی جا رہی ہیں- مختلف قسم کی کھجوریں، عرب تربوز اور سیاہ شہتوت، انجیر، لیموں، پپیتا، انار، انگور اور مختلف سبزیاں ہر طرف نظر آرہی ہیں-
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق بعض پھل مہنگے فروخت ہو رہے ہیں- کئی کی قیمتیں درمیانے درجے کی ہیں- مقامی شہری، مقیم غیرملکی اور الاحسا کے  سیاح شوق و ذوق سے یہ پھل خرید رہے ہیں- الاحسا کے کاشت کار مقامی بازاروں میں اپنی فصل کے پھل لائے ہوئے ہیں- موسم کے شروع میں تازہ پھل زیادہ منافع دیتے ہیں-

الاحسا کا علاقہ زرخیز مانا جاتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

الاحسا کا علاقہ زرخیز مانا جاتا ہے یہاں آب پاشی کے لیے چشمے بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں-
الاحسا کے کاشت کار نہ صرف یہ کہ پھلوں کے باغات لگائے ہوئے ہیں بلکہ مختلف قسم کی سبزیاں بھی اگا رہے ہیں- ان دنوں ٹماٹر، بھنڈی، لوبیا اور گول کدو کی پیداوار بھی مارکیٹ میں نظر آرہی ہے-

الاحسا کے باشندے قدیم زمانے سے کھیتی باڑی کے دلدادہ ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

الاحسا کے باشندے قدیم زمانے سے کھیتی باڑی کے دلدادہ ہیں- آباؤ اجداد سے یہ شوق نئی نسلوں کو بھی ورثے میں ملا ہے-
تازہ کھجوروں کی قیمتیں مختلف ہیں- بعض کھجوریں ایک کلو چالیس ریال میں دستیاب ہیں تو دیگر کی قیمت دس ریال ہے- یہاں الطیار ’ابشرۃ‘ الغر، المجناز، الخلاص، الشیشی، الہلالی قابل ذکر ہیں-

الاحسا کے لیموں پورے ملک میں مشہور ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

الاحسا کے لیموں پورے ملک میں مشہور ہیں۔ اس کا موسم جولائی کے شروع سے اگست کے آخر تک چلتا ہے- اس کا بارہ کلو والا کارٹن 120 سے 150 ریال میں فروخت ہوتا ہے-
الاحسا کا انجیر منفرد مانا جاتا ہے- شہد جیسی مٹھاس کے لیے مشہور ہے، پوری دنیا میں سب سے مہنگا انجیر الاحسا کا ہی مانا جاتا ہے- موسم کے شروع میں ایک کلو ڈیڑھ سو ریال میں دستیاب ہوتا ہے جبکہ بعد میں ایک کلو پچاس ریال تک میں دستیاب ہوتا ہے- اس کی پیداوار کا دورانیہ ایک مہینے سے زیادہ نہیں ہوتا-

انگور کے زیادہ تر سودے باغات میں طے ہو جاتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

اس سال یہاں انجیر کی پیداوار دیگر برسوں کے  مقابلے میں زیادہ ہے-
الاحسا میں انگور بھی کئی طرح کے کاشت ہوتے ہیں- مختلف ناموں اور مختلف رنگ کے ہوتے ہیں۔ ان کے نام بھی کھجوروں کی طرح مختلف ہیں- زیادہ تر انگور کے سودے باغات ہی میں طے ہو جاتے ہیں۔ یہ ایک کلو تیس ریال میں دستیاب ہیں-
حالیہ ایام میں پپیتے کی کاشت بھی ہونے لگی ہے- تین کلو گرام تک کا پپیتا 30 سے چالیس ریال میں مل جاتا ہے-
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: