Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محدود حج کا مقصد زائرین کو وبا سے بچانا ہے: شاہ سلمان

شاہ سلمان کا عید الاضحی پر پیغام ریڈیو ٹی وی پر پڑھ کر سنایا گیا ہے ( فوٹو روئٹرز)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ ’پوری دنیا ان دنوں غیرمعمولی مشکل حالات سے گزر رہی ہے۔ وبا نے دنیا بھر کے انسانوں کو متاثر کررکھا ہے‘۔
’وبا کے پیش نظر ہی اس سال حج محدود تعداد میں لوگوں کو کرایا گیا‘۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے کہا ’ اس سال حج انتظامات کا بنیادی مقصد زائرین کو نئے کورونا وائرس کی وبا سے بچانا ہے‘۔  
شاہ سلمان نے ان خیالات کا اظہار سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں، حج کرنے والوں اور دنیا بھر میں آباد فرزندان اسلام کے نام اپنے عید الاضحی پر پیغام میں کیا ہے جسے ان کی جانب سے قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے ریڈیو اور ٹی وی پر پڑھ کر سنایا۔ 
شاہ سلمان نے اپنے پیغام عید میں کہا کہ ’اس سال حج غیر معمولی ہے۔ اس کی وجہ سے سرکاری اداروں کو غیرمعمولی جدوجہد کرنی پڑ رہی ہے‘۔
شاہ سلمان نے وطن عزیز کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں اور وطن پر جان چھڑکنے والے جوانوں کو خراج تحسین پپیش کیا۔ 
شاہ سلمان نے پیغام عید ان دعائیہ کلمات پر ختم کیا کہ ’اللہ تعالی سے فرزندان وطن اور سرزمین مملکت پر موجود تمام غیرملکیوں کے لیے امن و امان کی درخواست کرتا ہوں‘- 
 دریں اثنا شاہ سلمان نے ٹو ئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’سب لوگوں کو عید الاضحی کی مبارکباد دیتا ہوں۔ اللہ تعالی عید کا تہوار خیر وبرکت اور عافیت کے ساتھ ہماری زندگی میں بار بار لائے۔ اللہ تعالی سے دعا کرتا ہوں کہ وہ تمام حجاج کا حج قبول فرمائے۔ اہل اسلام سے  ان کی تابعداری پر راضی ہوجائے اور اپنے  فضل و کرم اور رحمت سے کورونا وبا سے مسلم ممالک سمیت پوری دنیا کو نجات دلادے‘۔ 

شیئر: