Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکی میں زلزلے سے 12 افراد ہلاک، یونان کے جزائر بھی متاثر

ترکی میں زلزلے کے نتیجے میں حکام کے مطابق 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق بحیرہ ایجیئن میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ترکی کے علاوہ یونان کے قریبی جزائز بھی متاثر ہوئے ہیں۔ 
ترکی کے ساحلی شہر ازمیر میں زلزلے کے طاقتور جھٹکے محسوس ہونے کے بعد لوگ گلیوں میں نکل آئے۔
حکام کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 7 تھی۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے ادارے کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہوئے اور دو سو سے زائد زخمی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں اور اب بھی کئی افراد ملبے تلے دبے ہیں۔

حکام کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 7 تھی (فوٹو: اے ایف پی)

زلزلے کی وجہ سے ازمیر کے کئی اضلاع متاثر ہوئے ہیں جبکہ دیگر صوبوں میں بھی املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ 
ازمیر کے کئی علاقوں میں سمندر کا پانی داخل ہو گیا ہے جسے شہر کے میئر نے کم درجے کی سونامی قرار دیا ہے۔
ازمیر کے ایک شہری کے مطابق’ پہلے بھی زلزلے دیکھے ہیں اور ان کو کبھی زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیا لیکن اس بار بہت زیادہ خوف زدہ ہوں اور اس کے جھٹکے 25 سے 30 سکینڈز تک محسوس ہوتے رہے۔‘
زلزلے سے یونان کا جزیرہ سیموس بھی متاثر ہوا ہے جہاں حکام کے مطابق 45 ہزار افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ ساحل سے دور رہیں۔

زلزلے کے بعد ازمیر کے کئی علاقوں میں سمندر کا پانی داخل ہو گیا (فوٹو: اے ایف پی)

یونان کے حکام کے مطابق زلزلے سے چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی ٹی وی چینل سکائی کو جزیرے کے میئر نے بتایا کہ ’ انھوں نے پہلے کبھی ایسا کچھ نہیں دیکھا۔ لوگ گھبراہٹ کا شکار ہیں۔‘
جزیرے کے ایک پولیس اہلکار کے مطابق زلزلے کی وجہ سے چند پرانی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ 

شیئر: