Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں مزید جدید تھرمل کیمرے نصب

تھرمل کیمرے جدید ٹیکنالوجی کے حامل ہیں(فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ نے نمازیوں اور عمرہ زائرین کا  درجہ حرارت چیک کرنے کے لیے مسجد الحرام کے دروازوں پر مزید انتہائی حساس تھرمل کیمرے نصب کیے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق مسجد الحرام انتظامیہ میں وبا کے انسداد اور ماحولیاتی مسائل سے بچاو کے ادارے کے انچارچ  نے بتایا کہ تھرمل کیمرے جدید ٹیکنالوجی کے حامل ہیں اور چھ میٹر کے فاصلے سے گزرنے والے شخص کا درجہ حرارت بھی ریکارڈ کر لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسجد الحرام کی انتظامیہ ان دنوں محدود عمرہ پروگرام کے تیسرے مرحلے کے دوران کئی حفاظتی تدابیر اپنا رہی ہے۔ انتظامیہ کی بھر پور کوشش ہے کہ کورونا وائرس سے زائرین حرم محفوظ رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمرہ زائرین اور نمازیوں کی مسجد الحرام میں آمد ورفت میں آسانی پیدا کرنے اور سماجی فاصلے کا ضابطہ نافذ کرنے اور صحت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے زائرین کے لیے داخلی راستوں اور تھرمل کیمروں کی تعداد بڑھائی گئی ہے۔

شیئر: