Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تاریخی مساجد کی بحالی: تبوک ریجن کے علاقے ضبا کی جامع مسجد کی تعمیرِ نو

مملکت کی ثقافتی شناخت کو آگے بڑھانے کی کوششوں کے سلسلے میں تاریخی مساجد اور ان کے تعمیری لینڈ مارکس کے تحفظ کے لیے، ’پرنس محمد بن سلمان پروجیکٹ‘ کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد جاری ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق تبوک ریجن کے علاقے ضباء کی جامع مسجد کی تعمیرِ نو و بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا یے۔ مسجد کی پہلی تعمیر 1373 ہجری میں کی گئی تھی۔
تاریخی حوالوں کے مطابق مسجد کی تاریخ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ساحلی علاقہ ہونے کی وجہ سے سمندری سفر سے لوٹنے کے بعد لوگ یہاں جمع ہوتے تھے۔
کہا جاتا ہے کہ قبیلہ العرینی کے ایک شخص نے مسجد کی بنیاد ڈالی اور پتھروں سے اس کا احاطہ بنایا۔ بعد ازاں دوسری مرتبہ عبداللہ بن سلیم جو کہ السنوسی کے لقب سے مشہور تھے، نے اسے 1373 ہجری میں تعمیر کرایا۔
مسجد کی تیسری تعمیر نو شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن کی عطیات سے کی گئی اور چوتھی توسیع و تعمیرِ نو کا کام شاہ فہد بن عبدالعزیز کے دور میں مکمل ہوا۔ اس وقت سے تاحال یہاں باقاعدہ پانچ وقت کی نمازیں ادا کی جاتی رہیں۔

’پرنس محمد بن سلمان پروجیکٹ‘ کے تحت ضباء کی اس قدیم و تاریخی مسجد کی تعمیرِ نو کی گئی جس کے بعد اس کا مجموعی رقبہ 947.88 مربع میٹر سے بڑھ کر 972.23 مربع میٹر ہو گیا جبکہ نمازیوں کی گنجائش 750 سے بڑھ کر 779 تک کر دی گئی ہے۔
مسجد کی تعمیر میں قدرتی مواد جیسے پتھر، گارے اور بھوسے کا استعمال کیا گیا۔ کھڑکیوں اور دروازوں کے لیے علاقائی لکڑی استعمال کی گئی ہے۔

 

شیئر: