Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پیار کا اس سے کیا لینا دینا‘، جمائما کی پہلی رومانوی فلم

جمائما کئی دستاویزی فلمیں بھی بنا چکی ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ اپنی پہلی رومانوی کامیڈی فلم کی شوٹنگ کا آغاز آئندہ ماہ سے کرنے جا رہی ہیں۔
جمائما نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر فلم کی شوٹنگ کے بارے میں لکھا کہ ’یہاں تک پہنچنے کے لیے 10 سال  کا عرصہ لگا، اور اس دوران کئی ڈرافٹس لکھے گئے۔‘
فلم ’پیار کا اس سے کیا لینا دینا‘ کا سکرپٹ جمائما کا تحریر شدہ ہے اور وہ خود ہی اس فلم کی پروڈیوسر بھی ہیں۔ 
فلم کی کہانی کی تفصیلات فی الحال منظر عام پر نہیں لائی گئیں لیکن یہی گمان کیا جا رہا ہے کہ یہ جنوبی ایشیا اور لندن میں فلمائی گئی ہے اور فلم کی کہانی محبت اور شادی کے گرد گھومتی ہے۔ 
فلم میں پاکستانی نژاد اداکار شہزاد لطیف کے علاوہ ہالی وڈ کی نامور اداکارہ ایما تھامپسن بھی کردار ادا کریں گی۔
اس مزاحیہ فلم کے ہدایت کار انڈین فلم ساز شیکھر کپور ہیں جن کی فلم ’الیزیبتھ‘ آسکر ایوارڈ بھی جیت چکی ہے۔ شاہ رخ خان کی مشہور فلم ’دل سے‘ کی ہدایتکاری بھی شیکھر کپور نے ہی کی تھی۔
جمائما خان کا کہنا تھا کہ وہ اس فلم کے بارے میں پر جوش ہونے کے ساتھ ساتھ خوفزدہ بھی ہیں۔
جمائما گولڈ سمتھ نے سال 2015 میں ’انسٹنکٹ پروڈکشن‘ نامی کمپنی کا آغاز کیا تھا جس کے تحت وہ کئی دستاویزی فلمیں بھی پروڈیوس کر چکی ہیں۔
جمائما نے فی الحال فلم ریلیز ہونے کے حوالے سے کوئی عندیہ نہیں دیا، تاہم فلم کی شوٹنگ آئندہ ماہ سے شروع ہوگی۔

شیئر: