Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمائمہ نے ’کالے جادو‘ کا پوسٹر ڈیلیٹ کر دیا

جمائمہ اپنے دونوں بیٹوں کے ہمراہ برطانیہ میں مقیم ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا
وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ نے ایک روز قبل شیئر کیا گیا ’لالی وڈ پوسٹر‘ اور اس کے ساتھ لکھے گئے ’کالے جادو‘ کے کیپشن پر مبنی ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی۔
یہ بات تاحال واضح نہیں ہو سکی کہ جمائما گولڈ سمتھ نے عمران خان، ان کی موجودہ اہلیہ بشریٰ بی بی اور اپنی تصویر پر مشتمل پوسٹر سمیت دو ٹویٹس کیوں ڈیلیٹ کی ہیں۔
منگل کو پوسٹر شیئر کرتے وقت کی گئی اپنی ٹویٹ میں جمائما نے لکھا تھا کہ انہیں یہ پوسٹر لاہور سے کسی دوست نے بھجوایا ہے۔ پوسٹر کے اوپر تصاویر کے علاوہ ’تو نے کیسا جادو کیا‘ کا جملہ بھی درج تھا جس کا ترجمہ کرتے ہوئے جمائمہ نے اسے ’بلیک میجک‘ کہہ دیا تھا۔

پوسٹر پر مبنی پہلی ٹویٹ کے کچھ دیر بعد جمائمہ نے ایک اور ٹویٹ میں اپنے سابقہ عمل کی وضاحت کی تھی۔ انہوں نے لکھا کہ ’اس سے کسی کی بے ادبی مطلوب نہیں ہے۔ آپ کی اکثریت کی طرح میں نے بھی اسے دلچسپ پایا ہے۔ میں پاکستانی فلموں کے پوسٹرز، سٹریٹ آرٹ اور ٹرک آرٹ کو پسند کرتی ہوں۔‘

1995 سے 2004 تک عمران خان کی اہلیہ رہنے والی جمائمہ کی ٹویٹ کے بعد ان کا نام ٹوئٹر کی ٹرینڈز لسٹ کا حصہ بنا رہا تھا۔ ہیش ٹیگ کے بغیر ٹرینڈ لسٹ میں آنے سے واضح تھا کہ ٹوئٹر صارفین کی خاصی تعداد اس موضوع پر گفتگو کر رہی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس موقع پر دلچسپ تبصرے کیے، بہت سے ایسے بھی تھے جو عمران خان اور جمائمہ گولڈ سمتھ کی شادی کے عرصے کی یادداشتیں شیئر کرتے رہے تھے۔
چل رہن دے نامی ہینڈل نے عمران خان اور جمائمہ کی ایک تصویر شیئر کی۔ انہوں نے لکھا کہ ’یہ تصویر گذشتہ 11 برسوں سے میرے فون میں ہے۔۔۔ جب میں فون بدلتا ہوں تو پہلے یہ تصویر دوسرے فون میں منتقل کرتا ہوں۔۔۔ آپ اب بھی ہمارے دلوں میں ہیں۔‘

کچھ صارفین نے جمائمہ کی ٹویٹ ڈیلیٹ ہونے کی ممکنہ وجہ جاننے میں بھی دلچسپی دکھائی۔ ہشیارپوری نامی ہینڈل نے لکھا کہ ’میری ٹائم لائن پر اب بھی جمائمہ کے پوسٹر شیئر کرنے پر غم و غصہ کا اظہار نمایاں ہے۔‘

ایک صارف نے دعویٰ کیا کہ وہ پوسٹر ٹویٹ ہونے اور ڈیلیٹ ہونے کی وجہ جانتے ہیں، اگر کوئی اور بھی جاننا چاہے تو مجھے ڈائریکٹ میسیج کرے۔ ایک اور ٹویٹ میں مس لبرا نامی اکاؤنٹ نے دعویٰ کیا کہ ’خان صاحب نے ڈیلیٹ کرائی ہو گی۔‘

عمران خان سے نو برس کی شادی کے دوران ہونے والے دو بیٹیوں سلیمان عیسیٰ خان اور قاسم خان کی والدہ جمائمہ طلاق کے بعد سے بیٹوں کے ہمراہ برطانیہ میں مقیم ہیں۔
وی سٹیل سیکرٹس‘ اور ’دی سٹوری آف وکی لیکس‘ نامی فلموں میں اداکاری کرنے والی جمائمہ مارسیل گولڈ سمتھ برطانیہ کے کلچرل اور پولیٹیکل میگزین کے ساتھ بطور صحافی وابستہ رہی ہیں۔ فلم اور ڈاکیومینٹری پروڈکشن کی دنیا کا رخ کرنے والی جمائمہ پاکستانی سیاست سمیت دیگر موضوعات خصوصاً سابق شوہر عمران خان کی سرگرمیوں کو سوشل میڈیا پر زیربحث لاتی رہتی ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: