Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے سے ناراض ہو کر نہیں رہ سکتے‘

خیبرپختونخوا کے گورنر شاہ فرمان نے کہا ہے کہ ’پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے سے الگ اور ناراض ہو کر نہیں رہ سکتے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مذہبی اور عوامی بنیادیں بہت مضبوط ہیں۔‘
بدھ کو اسلام آباد میں کنگ سلمان ریلیف پاکستان کی جانب سے سردیوں کے امدادی سامان کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر کے پی کے نے کہا کہ سعودی عرب  کی جانب سے پاکستان کے مستحق افراد میں امدادی اشیا کی تقسیم دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔
تقریب میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی اور سعودی  کنگ سلمان ریلیف سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد خالد بھی موجود تھے۔
خیبرپختونخوا کے گورنر شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے لیے پاکستان کے عوام کے دوستانہ جذبات سب سے زیادہ گہرے ہیں۔ ’اب دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کا کام ہے کہ تعلقات کو مزید آگے بڑھائیں اور سیاسی قیادت ایسا ہی کر رہی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی عوام کی جانب سے یقین دلاتے ہیں کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ ہمیشہ اچھے تعلقات استوار رکھیں گے۔
اس موقع پر خطاب میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ ’سعودی عرب اورپاکستان ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ سعودی حکومت اس طرح کے اقدامات کے ذریعے پاکستانیوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے کی کوشش جاری رکھے گی۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کریں گے۔‘

تقریب میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی اور سعودی  کنگ سلمان ریلیف سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد خالد بھی موجود تھے۔

تقریب میں بتایا گیا کہ کنگ سلمان ریلیف پاکستان کی جانب سے صوبہ خیبرپختونخوا کے سرد ترین علاقوں میں گذشتہ روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے مستحق افراد میں سردیوں کے امدادی پیکج کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے جس کے تحت 45 ہزار پانچ سو رضائیاں اور بائیس ہزار خاندانوں کے لیے امدادی کٹس فراہم کی جائیں گی۔
ان امدادی کٹس میں مردانہ و زنانہ گرم شالیں، بچوں اور بڑوں کیلیے گرم ملبوسات شامل ہیں جس کی مجموعی لاگت 20 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ 
یہ سامان این ڈی ایم اے ، صوبائی حکومت اور پاکستانی غیر سرکاری تنظیم کی مدد سے شفاف طریقے سے تقیسم کیا جائے گا اور مجموعی طور پر ایک لاکھ 35ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔

شیئر: