Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کی ابہا کے لیے پروازیں چلانے کی درخواست  

منظوری کے بعد جنوری کے پہلے ہفتے سے پروازوں کا آغاز ہو جائے گا۔ فوٹو اے ایف پی 
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائین (پی آئی اے) نے سعودی عرب کے لیے فلائٹ آپریشنز کو مزید وسعت دینے کی غرض سے ابہا شہر کے لیے پروازیں چلانے کی اجازت طلب کی ہے۔  
پی آئی اے نے سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (گاکا) سے ابہا شہر کے لیے ہفتہ وار دو پروازوں کی اجازت طلب کی ہے جس کے بعد سعودی عرب کے چھ ہوائی اڈوں پر پی آئی اے کے طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت مل جائے گی۔  
ترجمان پی آئی اے نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’گاکا سے باضابطہ منظوری کے بعد اسلام آباد اور لاہور سے ہفتہ وار دو پروازیں ابہا کے لیے چلائی جائیں گی۔‘ 
انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ باضابطہ منظوری کے بعد جنوری کے پہلے ہفتے سے ان پروازوں کا آغاز ہو جائے گا۔  
خیال رہے کہ مدینہ، ریاض، جدہ اور دمام کے لیے پی آئی اے کی پروازیں باقاعدگی سے چل رہی ہیں، جبکہ گزشتہ ماہ سے سعودی ایوی ایشن نے پی آئی اے کو القصیم کے لیے بھی ہفتہ وار دو پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔  
اسلام آباد اور ملتان سے القصیم کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں۔ 
پی آئی اے حکام کے مطابق ابہا کے لیے پروازوں کی اجازت ملنے سے نہ صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے سفری سہولیات میسر ہوں گی بلکہ ادارے کے منافع میں بھی اضافہ ہوگا۔

شیئر: