Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ فیصل ہسپتال میں جینیاتی طریقے سے کینسر کےعلاج میں پہلی کامیابی

علاج کی غرض سے امریکہ بھی سفر کیا- (فوٹو: الاخباریہ)
ریاض میں شاہ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال کی ٹیم نے پہلی بار خون کے کینسر میں مبتلا بچے کا جدید طریقے سےعلاج کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ 
مریض پرتمام دوائیں اور طریقہ علاج ناکام ہو چکے تھے۔ بچے کو امریکہ بھی علاج کی غرض سے بھیجا گیا تھا مگر وہاں بھی اس کی حالت میں کوئی تبدیلی نہ آئی۔ 
سعودی ٹی وی ’الاخباریہ‘ کے مطابق ’احمد پانچ برس کا تھا جب اسے اس موذی مرض نے اپنے خونی پنچوں میں جکڑ لیا تھا۔‘

جدید علاج کی امید نے والدہ کے دل میں امید کی کرن پیدا کردی۔ (فوٹو: عاجل)

ویب نیوز ’عاجل‘ نے الاخباریہ ٹی وی کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ کینسر میں مبتلا احمد کو اس کے والدین علاج کی غرض سے امریکہ بھی لے کر گئے جہاں وہ کافی عرصہ تک زیر علاج رہا مگر اس کے جسم نے کسی طریقہ علاج کو قبول نہ کیا بالاخر مجبور ہو کر احمد کے والدین اسے واپس لے آئے۔ 
’احمد‘ کو اپنے مرض سے لڑتے ہوئے 8 برس گزر گئے تھے اس دوران شاہ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال کی جانب سے کینسر کے جدید طریقہ علاج کے بارے میں نشر ہونے والی خبر نے احمد اور اس کی والدہ کے دل میں امید کی کرن پیدا کر دی۔ 

جینیاتی طریقے سے خلیوں کی قوت مدافعت بڑھائی گئی ہے- (فوٹو: الاخباریہ)

احمد کے والدین نے تمام رپورٹیں ہسپتال کے مخصوص شعبے کو ارسال کیں جہاں ان کا مطالعہ کرنے کے بعد جدید طریقے کے ذریعے اس کا علاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 
ہسپتال کی جانب سے منظوری ملتے ہی احمد کو وہاں داخل کر دیا گیا۔ ہسپتال کی ٹیم نے جدید ’جیناتی قوت مدافعت‘ کے طریقے کو اپناتے ہوئے علاج شروع کیا جو کامیاب رہا۔ 
علاج کے پہلے سیشن کے بعد ہی احمد کی طبیعت میں بہتری کے آثار ظاہر ہونا شروع ہوگئے۔  

جسم نے علاج قبول کرلیا ہے- (فوٹو الاخباریہ)

احمد نے الاخباریہ ٹی وی کو مختصر انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’رب تعالی کی ذات گرامی پر مکمل یقین اور امید کسی بھی مشکل مرحلے میں انسان کو کامیاب بناتی ہے۔‘ 
شاہ فیصل ہسپتال کے معالج کا کہنا تھا کہ احمد تیزی سے روبہ صحت ہے اس کے جسم نے اس طریقہ علاج کو قبول کرلیا جس کے ذریعے جینیاتی طریقے سے خلیوں کی قوت مدافعت کو بڑھا کر انہیں اتنا طاقتور کردیا جاتا ہے کہ وہ بیماری کے خلیوں پر غالب آ جاتے ہیں-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: