Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ناقدین کا فہم ناقص ہے، امریکہ بنانا ری پبلک نہیں: مائیک پومپیو

سابق صدر بش نے کیپیٹل ہل پر مظاہرین کی چڑھائی کے بعد بنانا ری پبلک کے الفاظ استعمال کیے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکہ کے سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو نے کیپیٹل ہل واقعے کے بعد ملک کو بنانا ری پبلک پکارے جانے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی باتیں کرنے والوں کا بنانا ری پبلک اور امریکہ میں جمہوریت کے حوالے سے فہم ناقص ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کو ہونے والے واقعے کے بعد صدر ٹرمپ کی کابینہ کے دو ارکان نے استعفے دے دیے تھے۔
مائیک پومپیو جن کو صدر ٹرمپ کا انتہائی مخلص ساتھی سمجھا جاتا ہے، نے ٹویٹ کیا کہ ’بنانا ری پبلک میں پرتشدد ہجوم اختیارات کے استعمال کا تعین کرتا ہے۔ امریکہ میں قانون نافذ کرنے والے حکام نے مشتعل ہجوم کو منتشر کیا تاکہ عوامی نمائندے قانون کی حکمرانی اور آئینی حکومت کے ذریعے اختیارات کا استعمال کریں۔‘
خیال رہے کہ امریکی پارلیمان کیپیٹل ہل کی عمارت پر بدھ کو صدر ٹرمپ کے حامیوں کے دھاوا بولنے کے بعد دنیا بھر میں تنقید کی گئی تھی اور سابق صدر بش سمیت کئی غیر ملکی رہنماؤں نے سخت الفاظ استعمال کیے تھے۔
سابق صدر بش نے اپنی جماعت کے حامیوں کے ’غیر محتاط‘ رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’الیکشن کے نتائج کو اس طریقے سے بنانا ری پبلک میں ہی متنازع بنایا جاتا ہے نہ کہ جمہوری ریاست میں۔‘ 

شیئر: