بدھ کو شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کی جاری کردہ تصاویر میں کم جونگ اور ان کی بیٹی کو ایک کمرے میں بیٹھے سکرین پر جنگی بحری جہاز سے چلنے والے میزائلوں کا معائنہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
کم جونگ اُن نے منگل کے روز ویڈیو کے ذریعے میزائل فائر ہونے کا منظر دیکھا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک ’طاقتور اور قابلِ اعتماد‘ ایٹمی ہتھیاروں کی روک تھام برقرار رکھنا ضروری ہے۔
ان کی بیٹی کم جو اے جن کی عمر تقریباً تیرہ سال ہے، 2022 کے اواخر سے اپنے والد کے ساتھ کئی اہم مواقع جیسے کہ فوجی پریڈ اور ہتھیاروں کے تجربات کے معائنے کے دوران نظر آ چکی ہیں۔
جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی کی جانب سے یہ کہا گیا تھا کہ کم جونگ اُن اپنی بیٹی کو اپنا جانشین بنائیں گے۔
سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق میزائل شمالی کوریا کے مغربی ساحل کے قریب موجود ہدفی جزیروں پر جا کر لگے۔
کم جونگ اُن نے کہا کہ ان تجربات کا مقصد بحریہ کی حملہ آور صلاحیت کو ظاہر کرنا اور فوجیوں کو ہتھیار چلانے کی مشق کروانا تھا۔
میزائل فائر کرنے کا یہ تجربہ اُس وقت کیا گیا ہے جب امریکہ اور جنوبی کوریا کی بہار کی فوجی مشقیں شروع ہوئیں۔ شمالی کوریا ان مشقوں کو اپنے خلاف ممکنہ حملے کی تیاری سمجھتا ہے۔
سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق میزائل شمالی کوریا کے مغربی ساحل کے قریب موجود ہدفی جزیروں پر جا کر لگے (فوٹو: اے ایف پی)
منگل کو کم جونگ اُن کی بہن کم یو جونگ نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ ’یہ فوجی مشقیں ایک بار پھر ظاہر کرتی ہیں کہ امریکہ اور جنوبی کوریا کو شمالی کوریا سے شدید نفرت ہے۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ شمالی کوریا اپنے دشمنوں کو اپنی جنگی روک تھام کی طاقت کا یقین دلا کر رہے گا۔
شمالی کوریا کے حکمران کم جونگ ان نے گذشتہ ہفتے اپنے نئے جنگی جہاز کا دو دن تک مسلسل معائنہ کیا تھا اور جنگی جہاز سے داغے گئے کروز میزائلوں کے تجربے کا مشاہدہ کیا۔
انہوں نے اپنی بحریہ کو جوہری ہتھیاروں سے لیس کرنے کے عمل کو تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔