Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چوری کے الزام میں نوجوان پر تشدد؛ مونچھیں اور بھنویں مونڈھ دیں

ڈپٹی کمشنر بارکھان قربان علی مگسی کے مطابق نوجوان کی تذلیل اور اس کے ساتھ غیر انسانی سلوک کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
بلوچستان کے ضلع بارکھان میں چوری کا الزام لگا کر ایک نوجوان کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا ،مونچھیں،داڑھی، بھنویں اور سر کے بال مونڈھ  دی گئیں۔
لیویز کے مطابق واقعہ پانچ روز پرانا ہے تاہم نوجوان پر تشدد، بال مونڈھنے اور چہرے پر کالک ملنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ہفتہ کو وائرل ہوئی۔
لیویز نے بتایا کہ 18 جنوری کی رات کو بارکھان سے 30 کلومیٹر دور وٹاکڑی کے رہائشی کچھ لوگوں نے سردار خان نامی شخص کو موٹرسائیکل چوری کے الزام میں پکڑ کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر لیویز کے حوالے کیا۔
 
لیویز نے سردار خان کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کیا۔
سردار خان کے بھائی بلوچ خان کالکانی نے بھائی پر چوری کے الزام کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ سردار خان گزشتہ 20 ماہ سے بارکھان میں نجی کلینک میں بطور ڈسپنسر کام کررہا ہے۔
 18 جنوری کو ایک شخص بھائی کو مریض کے معائنے کے بہانے گھر لے گیا اور وہاں پہلے سے موجود ایک درجن سے زائد افراد کے ساتھ مل کر بھائی کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے میرے بھائی کے سر کے بال،بھنویں، داڑھی اور مونچھیں کاٹیں اور چہرے پر کالک لگا کر ویڈیوز اور تصاویر بنائیں۔ پوری رات تشدد کرنے کے بعد بھائی کو شدید زخمی حالت میں لیویز کے حوالے کیا گیا۔
لیویز نے تشدد کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور بھائی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کرنے کی بجائے چوری کا جھوٹا مقدمہ درج کرکے اس کا عدالت سے سات روزہ ریمانڈ لیا۔
بلوچ خان کے مطابق درخواست دینے کے باوجود لیویز اہلکار بھائی پر تشدد کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا۔ تین دن بعد لیویز نے چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
ڈپٹی کمشنر بارکھان قربان علی مگسی کے مطابق نوجوان کی تذلیل اور اس کے ساتھ غیر انسانی سلوک کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
ملزمان کی گرفتاری کےلیے گھروں پر چھاپے مارے گئے مگر وہ پہلے سے ہی فرار ہوچکے تھے۔ لیویز ان کے تعاقب میں ہے اور جلد انہیں گرفتار کرلے گی۔

شیئر: