Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیاں، جدہ میں 298 دکانیں سیل

بلدیہ کی ٹیموں نے 341 خلاف ورزیاں ریکاڈ کی ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں جدہ بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں پر 298 دکانیں سیل کر دی ہیں۔ ریجنل تفتیشی ٹیم کے ہمراہ پولیس اہلکار بھی موجود تھے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ریجنل بلدیہ کے سیکریٹری کا کہنا ہے کہ ’گذشتہ دو دنوں میں بلدیہ کی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں 341 خلاف ورزیاں ریکاڈ کی ہیں۔‘
بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے ہوٹلوں ، کیفے ٹیریا، اشیائے خورونوش کی دکانوں اور تجارتی مراکز کے دورے کیے جن کا مقصد کورونا ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانا تھا۔ 
واضح رہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے باعث سعودی عرب میں ہوٹلوں میں کھانا پیش کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
سینما گھروں اور کمرشل پلازہ میں قائم انڈور گیمز سٹیشنز کو بھی بند کردیا گیا ہے تاکہ کورونا کی وبا کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔
اس ضمن میں وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ کورونا سے محفوظ رہا جاسکے۔‘
عوامی مقامات پر ماسک کے بغیر جانے والوں پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے جبکہ وہ افراد جو ماسک درست طور پر نہیں پہننتے انہیں بھی ماسک خلاف ورزی کے زمرے میں شامل کیا جاتا ہے جبکہ سماجی فاصلے پر عمل نہ کرنا بھی سنگین خلاف ورزی شمار کی جاتی ہے۔  

شیئر: