Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انتظامی ایکشن کی کمی، پنجاب میں کورونا کا زور سب سے زیادہ‘

پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر سے اس کے پھیلاؤ میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے اور مثبت کیسز کی شرح نو فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق مثبت کیسز کی شرح 4.5 سے 9.5 تک پہنچی ہے۔
سنیچر کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ’لاہور سمیت پنجاب کے دوسرے شہروں میں وائرس کا پھیلاؤ زیادہ ہے جبکہ اسلام آباد اور پشاور میں بھی کیسز مسلسل بڑھ رہے ہیں۔‘
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کورونا کی صورت حال کے حوالے سے بتایا کہ کیسز بڑھنے سے صحت کے نظام پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے جہاں عوام کی جانب سے احتیاط نہ کیے جانے کی طرف اشارہ کیا وہیں یہ بھی کہا کہ ’بدقسمتی سے انتظامی ایکشن بھی کمزور نظر آ رہا ہے۔‘
ڈاکٹر فیصل سلطان نے پچھلے چند روز میں عائد کی جانے والی بندشوں کا ذکر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ’یہ انتہائی احتیاط کا وقت ہے، سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔‘
انہوں نے عوام کو ایک بار پھر یاد دلایا کہ ’ماسک پہننا قطعاً نہ بھولیں، سماجی فاصلے کی پابندی کریں۔‘
انہوں نے شادی بیاہ کی تقاریب کے حوالے سے کہا کہ ان کا اہتمام کھلے مقامات پر کیا جائے۔
انہوں نے ساتھ ہی اس خدشے کا اظہار بھی کیا کہ احتیاط نہ کی گئی تو تکلیف دہ صورت حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے ویکسینیشن کے عمل کے حوالے سے بتایا کہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد ویکسین لگوائیں۔ جس کے لیے صرف شناختی کارڈ اور پیشگی رجسٹریشن کی ضرورت ہے۔

پنجاب میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 195087 ہو گئی ہے اور اب 5644 افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ویکسین خریدی گئی ہے جس کی کھیپ رواں ماہ کے آخر سے قبل پہنچ جائے گی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید تین ہزار 876 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 42 اموات ہوئیں۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں اب تک ہونے والی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 13 ہزار 799 ہو گئی ہے، جبکہ اب تک چھ  لاکھ 23 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 27 ہزار 188 ہے۔
این سی او سی کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں 1446 کورونا کے مریض شفایاب بھی ہوئے۔ جس کے بعد صحت یاب ہونے والے کُل افراد کی تعداد پانچ لاکھ 79760 ہو گئی ہے۔
بڑھتے کیسز کے باعث وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اسی خدشے کے پیش نظر پچھلے دنوں تعلیمی ادارے بھی بند کیے گئے۔
اسی طرح وفاقی دارالحکومت میں ہفتے اور اتوار کے روز ریستورانوں کو بھی مکمل طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
صوبوں کے اعداد و شمار
پنجاب میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 195087 ہو گئی ہے اور اب 5644 افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے۔
اسی طرح ہیں صوبہ بلوچستان میں مریضوں کی مجموعی تعداد 19306 تک پہنچ گئی ہے اور 203 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اب تک 2202 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 78653 ہے (فوٹو: اے ایف پی)

صوبہ سندھ میں مریضوں کی تعداد 262796 ہو گئی ہے اور اب تک وائرس کی وجہ سے 4478 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں اب تک 2202 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 78653 ہے۔
این سی او سی کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور تعداد 50843 تک پہنچ گئی ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت میں اب تک 539 افراد وائرس کی وجہ انتقال کر چکے ہیں۔

شیئر: