عراق میں کلورین گیس کی لیکج کے باعث 600 زائرین کی حالت غیر ہو گئی جن کو ہسپتال میں داخل کرنا پڑا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حکام نے اتوار کو بتایا کہ عراق میں 600 سے زائد زائرین کو سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے کچھ وقت کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا کیونکہ وہ پانی کی صفائی کرنے والے سٹیشن پر کلورین کے اخراج کے نتیجے میں متاثر ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں
-
عراق کے شاپنگ مال میں ہولناک آتشزدگی سے 77 افراد ہلاکNode ID: 892356
یہ واقعہ عراق کے مرکز اور جنوب میں بالترتیب دو شیعہ مسلک کے دو مقدس شہروں نجف اور کربلا کے درمیان راستے پر رات کو پیش آیا۔
رواں سال دسیوں لاکھ شیعہ مسلمان زائرین کربلا کی طرف روانہ ہوں گے جہاں امام حسین اور ان کے بھائی عباس کے مزارات ہیں۔
یہ زائرین وہاں اربعین گزاریں گے، یہ سوگ کی 40 روزہ مدت کا اختتام ہے۔ اس دوران شیعہ مسلمان پیغمبر اسلام کے نواسے حسین کی موت کی یاد مناتے ہیں۔
ایک مختصر بیان میں عراق کی وزارت صحت نے کہا کہ ’کربلا میں کلورین گیس کے اخراج کے بعد دم گھٹنے کے 621 کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔‘
بیان کے مطابق ’تمام متاثرین کو ضروری دیکھ بھال ملی اور طبی معائنے کے بعد اچھی صحت کے ساتھ ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا۔‘
اس دوران زائرین کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی فورسز نے کہا کہ یہ واقعہ کربلا نجف روڈ پر واقع واٹر سٹیشن سے کلورین کے اخراج کی وجہ سے پیش آیا۔
کئی دہائیوں سے جاری تنازعات اور بدعنوانی کی وجہ سے عراق کا زیادہ تر بنیادی ڈھانچہ تباہی کا شکار ہے، اور حفاظتی معیار کی پابندی نہ ہونے کے باعث اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔
حکام کے مطابق جولائی میں مشرقی شہر کوت میں ایک شاپنگ مال میں آگ لگنے سے 60 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے، جن میں سے اکثر بیت الخلا میں دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے۔